مہاراشٹر: پونے میں زیر تعمیر عمارت میں حادثہ، 5 مزدور ہلاک، متعدد زخمی

پونے میں جمعرات کو دیر رات گئے ایک زیر تعمیر عمارت کا ڈھانچہ منہد ہو جانے کے سبب 5 مزدوروں کی جان چلی گئی اور متعدد زخمی ہو گئے، یہ حادثہ یرودہ کے شاستری نگر علاقہ میں پیش آیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پونے: مہاراشٹر کے پونے میں ایک زیر تعمیر عمارت کا ایک حصہ گر جانے کے سبب 5 مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ دیگر تین مزدور شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ یرودا کے شاستری نگر علاقہ میں پیش آیا، جہاں راحت اور بچاؤ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کسی طرح مزدوروں کو باہر نکالا۔

پونے شہر کے ڈی سی پی روہیداس پوار کے مطابق موقع پر مال کی تعمیر کا کام چل رہا تھا۔ فی الوقت ایسا لگتا ہے کہ جو احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہیے تھیں وہ نہیں کی گئیں۔ اس معاملے میں کارروائی جاری ہے۔


ٹریفک پولیس کمشنر راہل شری رامے کے مطابق یہ حادثہ یرودا میں شاستری واڈیا بنگلہ کے قریب پیش آیا۔ یہاں ایک زیر تعمیر عمارت کے تہہ خانے میں دیر رات کام جاری تھا۔ اس دوران اچانک پارکنگ میں لوہے کا ایک بھاری سلیب گر گیا۔ کمشنر نے مزید کہا کہ سلیب بچھانے کے لیے 16 ملی میٹر بھاری لوہے کی سلاخوں سے ایک جالی بنائی گئی تھی۔ جالیوں کی مدد سے کارکن کھڑے ہو کر کام میں مصروف تھے۔ اچانک لوہے کی یہ دیوہیکل جالی کام کرنے والے 10 مزدوروں پر گر گئی۔

بھاری جال تلے دبے مزدوروں میں لوہے کے سریے گھس گئیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ جالی میں دبے مزدوروں کو کٹر کی مدد سے باہر نکالا گیا۔ حادثے میں شدید زخمی 3 مزدوروں کا علاج جاری ہے۔ یرودا پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ مزدور کہاں سے آئے اور کب سے یہاں کام کر رہے تھے۔


مقامی رکن اسمبلی سنیل ٹنگرے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا ’’یہاں موجود دیگر مزدوروں نے مجھے بتایا کہ زخمیوں کا تعلق بہار سے ہے۔‘‘ دریں اثنا، وزیر اعظم نریندر مودی نے پونے میں ایک زیر تعمیر عمارت کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔