مہاراشٹر: سندھو دُرگ میں شیواجی مہاراج کا 35 فُٹ اونچا مجسمہ منہدم، پی ایم مودی نے گزشتہ سال کی تھی نقاب کشائی

وزیر اعظم مودی نے یومِ بحریہ کے موقع پر گزشتہ سال 7 دسمبر کو مجسمہ کی نقاب کشائی کی تھی، وہ قلعہ میں منعقد تقاریب میں بھی شامل ہوئے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے سندھو درگ ضلع واقع ایک قلعہ میں مراٹھا حاکم چھترپتی شیواجی مہاراج کا 35 فُٹ اونچا مجسمہ پیر کی صبح منہدم ہو گیا۔ ایک افسر نے اس سلسلے میں جانکاری دی۔ اس مجسمہ کی نقاب کشائی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال کی تھی۔

اس واقعہ کے بعد اپوزیشن پارٹیوں نے ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ خراب معیار کی وجہ سے یہ مجسمہ منہدم ہو گیا۔ کانگریس نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت میں بدعنوانی عروج پر ہے۔ نریندر مودی نے 4 دسمبر 2023 کو مہاراشٹر کے راجکوٹ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔ اب تقریباً 8 ماہ بعد چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ منہدم ہو گیا ہے۔ حالات یہ ہیں کہ بدعنوانی کے معاملے میں عظیم ہستیوں کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔‘‘


ایک افسر کا کہنا ہے کہ مالون واقع راجکوٹ قلعہ میں موجود یہ مجسمہ تقریباً ایک بجے ٹوٹا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ماہرین مجسمہ کے ٹوٹنے کے حقیقی اسباب کا پتہ لگائیں گے۔ پولیس اور ضلع انتظامیہ کے سینئر افسران حالات کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے یومِ بحریہ کے موقع پر گزشتہ سال 4 دسمبر کو مجسمہ کی نقاب کشائی کی تھی۔ وہ قلعہ میں منعقد تقریب میں بھی شامل ہوئے تھے۔ این سی پی (ایس پی) کے ریاستی صدر اور سابق وزیر جینت پاٹل نے مجسمہ ٹوٹنے کے تعقل سے کہا کہ ’’ریاستی حکومت اس واقعہ کے لیے ذمہ دار ہے، کیونکہ اس نے مناسب دیکھ ریکھ نہیں کی۔ حکومت نے کام کے معیار پر بہت کم توجہ دی۔ اس نے صرف تقریب منعقد کرنے پر توجہ دی، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مجسمہ کی نقاب کشائی کرنے کے لیے مدعو کیا گیا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ مہاراشٹر حکومت صرف نیا ٹنڈر جاری کرتی ہے، کمیشن لیتی ہے اور اس کے مطابق ٹھیکہ دیتی ہے۔


شیوسینا (یو بی ٹی) رکن اسمبلی ویبھو نائک نے بھی مجسمہ سے متعلق کام کے خراب معیار کے لیے ریاستی حکومت کی تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر سکتی ہے۔ مجسمہ کو بنانے اور اسے نصب کرنے کے لیے ذمہ دار لوگوں سے پوچھ تاچھ ہونی چاہیے۔ دوسری طرف اس معاملے میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’’تیز ہوا کے سبب مورتی گر گئی۔ یہ افسوسناک ہے۔ ہمارے وزیر وہاں گئے ہیں اور حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔