نابالغ سے 2 سال تک عصمت دری کرنے کا ملزم مہنت گرفتار، 8 تھانوں کی پولیس آشرم سے لے کر نکلی باہر

ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ چنچل مشرا کا کہنا ہے کہ 17 سال کی متاثرہ نے کچھ وقت پہلے مانڈل تھانہ میں مہنت کے خلاف معاملہ درج کرایا تھا، متاثرہ کے مطابق سرجو مہاراج 2 سالوں سے عصمت دری کر رہا تھا۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نابالغ سے عصمت دری معاملے میں ایک مہنت کو گرفتار کیا گیا ہے۔ معاملہ راجستھان کے بھیلواڑہ ضلع کا ہے جہاں عصمت دری کے مبینہ معاملے میں مہنت سرجو داس مہاراج کی گرفتاری ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں بھیلواڑہ کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ چنچل مشرا نے جمعرات کے روز بتایا کہ ملزم سرجو داس مہاراج کو جنسی جرائم سے بچوں کا تحفظ (پاکسو) ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دفعہ 376 (عصمت دری) کے تحت درج معاملے میں بدھ کے روز اس کے آشرم سے گرفتار کیا گیا۔

ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ چنچل مشرا کا کہنا ہے کہ 17 سال کی متاثرہ نے کچھ وقت پہلے مانڈل تھانہ میں مہنت کے خلاف معاملہ درج کرایا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ متاثرہ کے مطابق سرجو مہاراج گزشتہ دو سالوں سے اس کے ساتھ عصمت دری کر رہا تھا۔ معاملے کی جانچ کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔


قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل متاثرہ کی ماں کے چہرے پر تیزاب پھینک کر جان سے مارنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن اس معاملے میں مہنت کے خلاف کوئی ثبوت نہیں مل سکا تھا۔ دراصل نابالغ بچی اور اس کی ماں ڈانگ واقع ہنومان مندر میں ہی کام کرتی تھیں۔ معاملہ بے حد حساس ہونے کی وجہ سے پولیس نے دو بار جانچ کرنے کے بعد ہی آشرم میں چھاپہ ماری کی تھی۔ حالات پر گہری نظر رکھتے ہوئے آٹھ تھانوں کی پولیس نے مہنت کو گرفتار کیا اور آشرم سے باہر نکلی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔