مہاکمبھ 2025: ’سنگم‘ پہنچنے کے لیے اب ای-رکشہ اور آٹو کا سہارا، پولیس انتظامیہ کا نیا منصوبہ تیار

ضلع مجسٹریٹ رویندر کمار ماندڈ کا کہنا ہے کہ عقیدتمندوں کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب پارکنگ مقامات سے سنگم تک شٹل بسوں کے ساتھ ساتھ ای رکشہ اور آٹو رکشہ بھی چلائے جائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>مہاکمبھ کی تصویر،&nbsp;<a href="https://x.com/DM_PRAYAGRAJ">@DM_PRAYAGRAJ</a></p></div>

مہاکمبھ کی تصویر،@DM_PRAYAGRAJ

user

قومی آواز بیورو

پریاگ راج میں جاری مہاکمبھ میں کئی طرح کی بدانتظامیوں کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ اب بھی بڑی تعداد میں عقیدتمند کئی طرح کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ سب سے زیادہ دقتیں سنگم تک پہنچنے میں پیش آ رہی ہیں، کیونکہ کئی عقیدتمندوں کو تو یہ معلوم ہی نہیں کہ آخر ’اسنان‘ (غسل) کرنے کے لیے کون سا راستہ اختیار کریں۔ بھیڑ کی وجہ سے کئی طرح کی بدنظمی ہو رہی ہے اور پولیس انتظامیہ بھی پریشان ہے۔

اس درمیان پریاگ راج ضلع انتظامیہ اور پولیس نے عقیدتمندوں کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ رویندر ماندڈ نے بتایا کہ بدھ کے روز پولیس کمشنر اور سینئر افسران کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارکنگ مقامات سے عقیدتمندوں کو ’سنگم‘ تک پہنچانے کے لیے اب شٹل بسوں کے ساتھ ساتھ ای رکشہ اور آٹو رکشہ بھی دستیاب کرائے جائیں گے۔ یہ گاڑیاں انھیں سنگم کے بالکل قریب تک لے کر جائیں گی۔ ای رکشہ اور آٹو رکشہ کی دستیابی سے یقیناً عقیدتمندوں کو آسانی ہوگی، کیونکہ انھیں جی ٹی جواہر تک پہنچنے میں دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پولیس انتظامیہ کے اس فیصلے سے لوگوں کو زیادہ پیدل بھی نہیں چلنا پڑے گا۔


اس درمیان ضلع مجسٹریٹ نے یہ بھی جانکاری دی کہ جمعرات سے شہر میں سبھی دفاتر اور ادارے کھل جائیں گے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹریفک نظام کو سہل بنائے رکھنے کے منصوبہ پر کام کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں باہر سے آ رہے عقیدتمندوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کچھ اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو عقیدتمندوں کی ممکنہ بھیڑ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے خصوصی ٹریفک منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ ’’ویکینڈ پر زیادہ بھیڑ ہونے کے امکان کو دیکھتے ہوئے ٹریفک ٹائمنگز جاری کی جائیں گی۔ کوشش ہوگی کہ اس سے شہر میں ٹریفک جام کی حالت نہ بنے اور لوگوں کو آمد و رفت میں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ 14 فروری سے سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای بورڈ کے امتحانات بھی شروع ہو رہے ہیں۔ امتحان دہندگان کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے ٹریفک کو منظم بنائے رکھنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ طلبا و طالبات کو امتحان مراکز تک پہنچنے میں کوئی دقت نہ ہو، اس کے لیے ٹریفک نظام کو خاص طور سے مانیٹر کیا جائے گا۔ ضلع مجسٹریٹ نے بورڈ کا امتحان دینے والوں اور ان کے سرپرستوں سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ وہ امتحان مراکز کے لیے وقت سے پہلے نکلیں۔ اگر ممکن ہو تو اپنے ذاتی دوپہیہ گاڑیوں کا استعمال کریں تاکہ ٹریفک میں پھنسنے سے بچ سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔