بھومی پوجن سے قبل کی رات ایودھیا میں منائی گئی ’مہادیوالی‘، دیکھیں ویڈیو

4 اگست کی رات ایودھیا کے ہر مندر میں رام چرت مانس کی چوپائیاں اور دوہے گائے گئے۔ رام کی پوڑی میں بھی دیپوتسو کا نظارہ رہا۔ اودھ یونیورسٹی کے سویم سیوکوں نے رام کی پوڑی پر ہزاروں دیے بچھا دیے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ایودھیا میں بھومی پوجن کا وقت انتہائی قریب آ گیا ہے اور اس سے قبل کی رات پورا شہر دیوں کی روشنی سے چکاچوندھ نظر آیا۔ رام نگری کہلانے والے اس شہر میں ایسا جشن دیکھا گیا جس کا نظارہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔ یہاں ایک ایسی 'مہادیوالی' منائی گئی جس نے اب تک منائی گئی سبھی دیوالی کو پھیکا کر دیا۔ پورا شہر دیوں کی روشنی سے روشن نظر آ رہا تھا۔ سڑک، گلیاں، چھت سب جگہ دیے ہی دیے نظر آ رہے تھے اور گھروں کے باہر رنگولی بھی سجائی گئی تھی۔


4 اگست کی رات ایودھیا کے ہر مندر میں رام چرت مانس کی چوپائیاں اور دوہے گائے گئے۔ رام کی پوڑی میں بھی دیپوتسو کا نظارہ رہا۔ اودھ یونیورسٹی کے سویم سیوکوں نے رام کی پوڑی پر ہزاروں دیے بچھا دیے تھے۔ دور دور تک تاریکی کا نام و نشان نظر نہیں آ رہا تھا۔ ایک اندازہ کے مطابق تقریباً 1.25 لاکھ دیوں سے رام کی پوڑی جگمگ کر رہی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ایودھیا دھام کے 50 مقامات پر بھی ندیپ جلائے گئے۔ اتنا ہی نہیں، مقامی لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں بھی دیپ جلائے۔

قابل ذکر ہے کہ 4 اگست اور 5 اگست دو دن دیپوتسو منائے جانے کا اعلان پہلے ہی ہو چکا ہے جس کے پہلے دن پورا ایودھیا چکاچوندھ نظر آیا۔ دوسری طرف لکھنؤ میں اتر پردیش کے وزیرا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اپنی رہائش پر دیے جلا کر 'مہادیوالی' منائی۔ علاوہ ازیں ریاست کی بڑی تیرتھ نگری پریاگ راج، متھرا، ورنداون، وارانسی اور چترکوٹ کے ساتھ گورکھپور میں بھی 4 اگست کی رات دیپوتسو منایا گیا۔ گورکھ ناتھ مندر میں رام چرت مانس کا جو پاٹھ پیر کے روز صبح 10 بجے سے شروع ہوا تھا وہ بھی دیپوتسو کے درمیان جاری رہا۔ یہ پاٹھ بدھ (5 اگست) کی دوپہر 2 بجے تک چلے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔