مہادیو بیٹنگ ایپ معاملہ: سی بی آئی نے 6 ریاستوں میں 33 جگہوں پر کی چھاپے ماری

تفتیش کے دوران ڈیجیٹل آلات، موبائل فون اور اہم دستاویزات ضبط کیے گئے ہیں۔ ان سے انکشاف ہوا ہے کہ ’میول اکاؤنٹس‘ (دوسروں کے نام پر کھولے گئے بینک کھاتے) اور حوالہ نیٹورک کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>سی بی آئی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

سنٹرل بیورا آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے گزشتہ چند دنوں کے دوران 6 ریاستوں میں 33 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ یہ چھاپے ’مہادیو آن لائن بک ایپ‘ (ایک غیر قانونی آن لائن سٹہ بازی پلیٹ فارم) کے پینل آپریٹروں کے ٹھکانوں پر مارے گئے۔ یہ کارروائی مرکزی ملزم سوربھ چندراکر کے انکشافات کی بنیاد پر کی گئی۔ ان چھاپوں کے دوران لائیو سٹہ بازی اور جوئے کے پینل چلتے ہوئے پائے گئے، جنہیں بند کرا دیا گیا۔ تفتیش کے دوران ڈیجیٹل آلات، موبائل فون اور اہم دستاویزات ضبط کیے گئے ہیں۔ ان سے انکشاف ہوا ہے کہ ’میول اکاؤنٹس‘ (دوسروں کے نام پر کھولے گئے بینک کھاتے) اور حوالہ نیٹورک کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

’مہادیو آن لائن بک ایپ‘ کے اہم پروموٹرز میں سے ایک سوربھ چندراکر کو عمان سے ہندوستان لایا گیا تھا۔ اس کے بعد یکم نومبر کو سی بی آئی نے اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے 12 نومبر کو سوربھ چندراکر کو رائے پور کی خصوصی عدالت کے جج کے سامنے پیش کیا، جہاں سے اسے 19 نومبر تک عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم کس طرح کام کرتا ہے اور ہندوستان میں اس کے پینل آپریٹروں کا نیٹورک کس طرح پھیلا ہوا ہے۔ تفتیش کے دوران جمع کیے گئے دستاویزات اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر اس سے سوال و جواب بھی کیے گئے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ دیگر ملزمین کے کردار کی جانچ جاری ہے۔ ان میں بیرون ملک مقیم وہ افراد بھی شامل ہیں، جنہوں نے اس کام میں مدد کی۔ اس معاملے میں سرکاری افسران کے ملوث ہونے کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ دیگر مفرور ملزمین کی حوالگی کا عمل جاری ہے۔


قابل ذکر ہے کہ چھتیس گڑھ کی ریاستی حکومت سے معاملہ سی بی آئی کو سونپے جانے کے بعد اس نے ’مہادیو آن لائن بک‘ معاملے میں 2 ایف آئی آر درج کی ہیں۔ اب تک کی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ یہ پلیٹ فارم بیرون ملک ایک مرکزی دفتر (ہیڈ آفس) کے ذریعہ چلایا جاتا ہے اور ہندوستان میں پینل آپریٹرز کے ایک بڑے نیٹورک کے ذریعے کام کرتا ہے۔ یہ آپریٹرز صارفین کی آئی ڈی سنبھالتے ہیں، سٹہ بازی کی رقم ان بینک کھاتوں میں جمع کراتے ہیں جو خاص طور پر دوسروں کے نام پر کھولے گئے یا کرائے پر لیے گئے ہوتے ہیں، اور پھر حوالہ کے ذریعے منافع کی رقم بیرون ملک بھیج دیتے ہیں۔ سی بی آئی نے بتایا کہ آن لائن سٹہ بازی اور جوا کھیلنا غیر قانونی ہے۔ ایسی سرگرمیوں کے لیے اپنا بینک اکاؤنٹ، سم کارڈ یا شناختی دستاویزات کسی دوسرے شخص کو دینا یا کرائے پر دینا بھی ایک مجرمانہ فعل ہے، جس پر اکاؤنٹ ہولڈر کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔