بہار اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کی کامیابی یقینی، جلد آئے گی کانگریس کی فہرست: اجے کپور

بہار اسمبلی انتخابات کے معاون انچارج اجے کپور نے کہا کہ بہار کے عوام کوڈ-19، سیلاب، بے روزگاری، گرتے ہوئے طبی نظام اور فاقہ کشی سے بری طرح متاثر ہیں اور وہ پرامید نظروں سے کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

اجے کپور، بہار انچارج
اجے کپور، بہار انچارج
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بہار اسمبلی انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کے امیدواروں کے انتخاب کا عمل آخری مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ ان کی فہرست جلد ہی جاری کردی جائے گی۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور بہار اسمبلی انتخابات کے معاون انچارج اجے کپور نے یہاں ’یواین آئی‘ سے بات چیت میں کہا کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کی وبا پھیلی ہوئی ہے، جس کے لئے مرکز اور بہار کی موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی کی زیرقیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومتیں ذمہ دار ہیں اور وہ اب بھی سمجھ نہیں رہی ہیں۔ بہار کے عوام کوڈ-19، سیلاب، بے روزگاری، گرتے ہوئے طبی نظام اور فاقہ کشی سے بری طرح متاثر ہیں اور پر امید بھری نظروں سے کانگریس کی دیکھ رہے ہیں۔


اجے کپور نے کہا کہ کانگریس اور مہاگٹھ بندھن مندرجہ بالا تمام امور پر لوگوں کے درمیان جائیں گے اور انہیں ان کی پریشانیوں سے نجات دلانے کے لئے اعتماد میں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ عوام مہاگٹھ بندھن کو بڑی اکثریت سے کامیابی دلائیں گے۔

انتخابی مہم کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر سے دس دن تک روزانہ بہار انقلاب کانفرنسوں کا اہتمام مشرقی چمپارن (مہاتما گاندھی کے کام کی جگہ) سے کیا جائے گا۔ یہ کانفرنسیں ورچوئل ہوں گی یعنی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے۔ ایک کانفرنس میں دو اضلاع اور آٹھ اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس طرح سے تقریباً 84 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ تقریباً ایک ایک گھنٹہ ہرایک کانفرنس کو دو قومی رہنما، چار علاقائی رہنما اور دس مقامی رہنما خطاب کریں گے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کانفرنسوں کی تکمیل کے بعد آخر میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے۔


امیدواروں کے انتخاب کے عمل کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ کانگریس کا عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے۔ ابتدائی مراحل پورے ہوچکے ہیں اور آخری دور کا کام چل رہا ہے جہاں تک امیدواروں کے اعلان کی بات ہے تو وہ وقت پر کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو اپنے حلقہ میں تشہیر کرنے کا پورا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغربی چمپارن میں والمیکی نگر لوک سبھا حلقہ کے ضمنی انتخابات کے لئے بھی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ کانگریس زمینی سطح پر مضبوط اور طاقتور امیدوار کھڑے کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔