تمل ناڈو بھگدڑ: مدراس ہائی کورٹ نے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا نامنظور، بی جے پی لیڈر کی عرضی خارج
مدراس ہائی کورٹ نے اوما آنندن کی درخواست خارج کر دی، جس میں کرور میں وجے کی ریلی کے دوران بھگدڑ کے 41 ہلاک اور زخمیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ تھا

چنئی: مدراس ہائی کورٹ نے جمعہ کو بی جے پی لیڈر اوما آنندن کی طرف سے دائر درخواست کو خارج کر دیا جس میں تمل ناڈو کے کرور میں اداکار-سیاستدان وجے کی عوامی ریلی کے دوران ہوئی بھگدڑ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ 27 ستمبر کو کرور میں وجے کی ریلی کے دوران بھگدڑ کے سبب 41 لوگ مارے گئے تھے اور بہت سے دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے نے تمل ناڈو اور پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
بی جے پی لیڈر اوما آنندن نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ اس واقعہ کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دے، کیوں کہ بہت سے سوالات کے جواب نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ ممکنہ طور پر سرکاری بے حسی اور حفاظتی انتظامات میں لاپرواہی نے کردار ادا کیا ہے۔
معاملہ کی سماعت کرنے والی مدراس ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے درخواست کو خارج کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ درخواست گزار اگر چاہے تو اس معاملے میں مدورائی بنچ سے رجوع کر سکتی ہیں۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ فی الحال درج ایف آئی آر اور جاری تحقیقات کو دیکھتے ہوئے اس مرحلے پر سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ جائز نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مقبول تمل اداکار اور نئی تشکیل شدہ سیاسی پارٹی تملگا ویٹری کڈگم (ٹی وی کے) کے رہنما وجے نے 27 ستمبر کو کرور میں ایک عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا تھا، جس میں بہت بڑا ہجوم جمع ہوا اور بھگدڑ مچ گئی اور 41 افراد ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہوئے۔ اس معاملہ میں پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے ٹی وی کے کے جن لیڈران کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ان میں پارٹی کے سینئر لیڈر بسی این آنند اور سی ٹی آر نرمل کمار شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔