مدھیہ پردیش: ’آدیواسی نیائے یاترا‘ کو لال گھاٹی پر پولیس نے روکا، ناراض کمل ناتھ قبائلیوں کے ساتھ سڑک پر بیٹھے

’آدیواسی نیائے یاترا‘ کو لال گھاٹی پر روکے جانے پر حکومت کے خلاف خوب نعرے بازی ہوئی اور سبھی لیڈران (جس میں کمل ناتھ بھی شامل تھے) احتجاجاً سڑک پر بیٹھ گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں کارم باندھ رساؤ معاملے کو لے کر کانگریس رکن اسمبلی پانچی لال میڑا نے ’آدیواسی نیائے یاترا‘ نکالی اور وہ راجدھانی بھوپال پہنچے تو انھیں لال گھاٹی پر روک دیا گیا۔ اس یاترا کا استقبال کرنے پہنچے ریاستی صدر کمل ناتھ بھی ان قبائلیوں اور کانگریس لیڈروں کے ساتھ سڑک پر بیٹھ گئے۔ بعد میں کافی ہنگامہ ہوا اور پولیس سے کانگریس لیڈروں کی دھکا مکی بھی ہوئی۔

واضح رہے کہ دھار ضلع میں تقریباً 300 کروڑ کی لاگت سے کارم باندھ بنایا جا رہا ہے۔ اس باندھ میں بارش کے دوران رساؤ ہوا اور بڑی تعداد میں فصل اور گاؤں متاثر ہوئے۔ باندھ تعمیر میں بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس رکن اسمبلی پانچی لال میڑا نے دھار ضلع سے بھوپال کے راج بھون تک کی ’آدیواسی نیائے یاترا‘ شروع کی۔ یہ یاترا جمعرات کو بھوپال میں لال گھاٹی سے جب داخلہ کر رہی تھی تو پولیس نے اسے روک دیا۔ اس یاترا کا استقبال کرنے کمل ناتھ موقع پر پہنچے۔ اس موقع پر کمل ناتھ نے ریاست کی بی جے پی حکومت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔


’آدیواسی نیائے یاترا‘ کو لال گھاٹی پر روکے جانے پر حکومت کے خلاف خوب نعرہ بازی ہوئی اور سبھی لیڈران، جن میں کمل ناتھ بھی شامل تھے، سڑک پر بیٹھ گئے۔ کمل ناتھ کچھ دیر وہاں رکے اور اس کے بعد واپس ہو گئے۔ وہاں کانگریس لیڈروں اور پولیس کے درمیان خوب دھکا مکی بھی ہوئی۔

اس موقع پر کمل ناتھ نے قبائلیوں کو بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی پوری حمایت ان کے ساتھ ہے، اور پارٹی ہر محاذ پر ان کی لڑائی لڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے اسمبلی کے اجلاس میں بھی اس معاملے کو اٹھانے اور حکومت سے اس پر جواب مانگنے کی پرزور کوشش کی لیکن حکومت کارم ڈیم کی بدعنوانی اور متاثرین کو انصاف کے معاملے میں کوئی بحث نہیں کرنا چاہتی تھی، اس لیے ہماری بات کو اَن سنا کیا گیا۔‘‘


پانچی لال میڑا کے ساتھ پولیس کے ذریعہ کیے گئے غلط سلوک کا تذکرہ کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ ’’رکن اسمبلی پانچی لال میڑا کے ساتھ غلط سلوک کیا گیا۔ کانگریس اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔ جب تک کارم ڈیم میں ہوئی بدعنوانی کے قصورواروں کو سزا نہیں مل جاتی، جب تک متاثرہ کنبوں کو مناسب راحت اور معاوضہ نہیں مل جاتا ہے، تب ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔