مدھیہ پردیش: نئے وزیر اعلیٰ کے تابڑ توڑ فیصلے! تیز آواز والے لاؤڈ اسپیکر اور کھلے میں گوشت اور انڈے کی فروخت پر بھی پابندی

وزیر اعلیٰ موہن یادو نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کئی اہم فیصلے لیے، جس میں ریاست میں مذہبی مقامات پر تیز آواز والے لاؤڈ اسپیکروں اور کھلے میں گوشت اور انڈے کی فروخت پر پابندی عائد کرنا شامل ہیں

<div class="paragraphs"><p>ایم پی کے نئے وزیر اعلیٰ موہن یادو / تصویر ایکس</p></div>

ایم پی کے نئے وزیر اعلیٰ موہن یادو / تصویر ایکس

user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کئی اہم فیصلے لیے، جس میں ریاست میں مذہبی مقامات پر تیز آواز والے لاؤڈ اسپیکروں اور کھلے میں گوشت فروخت پر پابندی عائد کرنا شامل ہیں۔

کل ہی حلف لینے کے بعد ڈاکٹر یادو نے شام کو وزارت میں چارج سنبھالا تھا۔ انہوں نے چارج سنبھالتے ہی وزراء کی کونسل کی میٹنگ کا اہتمام کیا، جس میں نائب وزیر اعلیٰ جگدیش دیوڑا، راجندر شکلا، ریاستی چیف سکریٹری محترمہ ویرا رانا اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔

اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ سرکاری معلومات کے مطابق ڈاکٹر یادو کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں عوامی بہبود سے متعلق آٹھ ترجیحی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔

وزیر اعلیٰ موہن یادو نے کہا کہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں کئی بڑے فیصلے لیے گئے۔ انہوں نے کہا، ’’حکومت ہند نے کھلے میں گوشت یا انڈے کی دکانیں چلانے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ ہم نے مدھیہ پردیش میں بھی اس پر عمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔‘‘


خیال رہے کہ موہن یادو نے بدھ کو پی ایم مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا اور کئی دیگر مہمانوں کی موجودگی میں وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔