مدھیہ پردیش: بی جے پی ایم ایل اے راہل سنگھ لودھی کی رکنیت کالعدم قرار

ہائی کورٹ کی جج نندیتا دوبے نے کھڑگاپور سے شکست خوردہ کانگریس امیدوار چندا سنگھ گور کی انتخابی عرضی کی سماعت کے دوران لودھی کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا۔

راہل سنگھ لودھی، تصویر آئی اے این ایس
راہل سنگھ لودھی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جبل پور: مدھیہ پردیش کے تکم گڑھ ضلع کے کھڑگاپور سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے راہل سنگھ لودھی کے انتخاب کو ہائی کورٹ نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔ ہائی کورٹ کی جج نندیتا دوبے نے کھڑگاپور سے شکست خوردہ کانگریس امیدوار چندا سنگھ گور کی انتخابی عرضی کی سماعت کے دوران لودھی کے انتخاب کو کالعدم قرار دیا۔

عدالت نے حال ہی میں درخواست کو نمٹاتے ہوئے حکم دیا ہے کہ لودھی کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کے ساتھ ہی وہ ایم ایل اے کے طور کوئی سہولت حاصل نہیں کر سکیں گے۔ عدالت نے اس وقت کے ریٹرننگ افسر کے خلاف بھی سخت ریمارکس دیئے ہیں اور کہا ہے کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے اور انہیں مستقبل میں اس طرح کے الیکشن سے متعلق ایسی اہم ڈیوٹیاں نہ دی جائیں۔


لودھی سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی کے بھانجے ہیں۔ سال 2018 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کھڑگاپور سے بی جے پی امیدوار کے طور پر کامیابی حاصل کی تھی۔ شکست خوردہ امیدوار چندا سنگھ نے سال 2019 میں ہائی کورٹ میں انتخابی عرضی دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی امید وار لودھی نے انتخابی عمل کے درمیان دو الگ الگ معلومات دی تھیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لودھی نے بہت سی معلومات چھپائی تھیں۔ جو مقدمے کی سماعت کے دوران درست ثابت ہوئیں۔ اس بیچ اسمبلی سکریٹریٹ کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ اطلاع موصول ہونا باقی ہے۔ اس کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔