مدھیہ پردیش: مہو میں ’جے باپو، جے بھیم، جے آئین‘ ریلی، راہل گاندھی سمیت کئی قائدین شریک ہوں گے
راہل گاندھی 29 جنوری کو مہو میں منعقد ہونے جا رہی ’جے باپو، جے بھیم، جے آئین‘ ریلی میں شرکت کریں گے، جہاں وہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کریں گے

راہل گاندھی / آئی اے این ایس
نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی 29 جنوری کو کانگریس کی طرف سے مہو میں منعقد ہونے جا رہی ’جے باپو، جے بھیم، جے آئین‘ ریلی سے خطاب کریں گے اور بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ یہ ریلی مہو کے ویٹرنری کالج گراؤنڈ میں دوپہر ایک بجے منعقد ہوگی۔
خیال رہے کہ مہو وہ مقام ہے جہاں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس ریلی میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، وائناڈ کیرالہ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا سمیت کئی دیگر اہم رہنما بھی شرکت کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر تین بجے امبیڈکر کے مجسمہ پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
کانگریس کی اس ریلی کو انتظامیہ کی طرف سے مشروط اجازت دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے 23 جنوری کو اس ریلی کے لیے اجازت جاری کی تھی اور یہ شرط رکھی تھی کہ ریلی کے دوران کسی بھی قسم کے سیاسی یا مذہب کے خلاف بیانات نہیں دیے جا سکتے۔
مقامی کانگریس رہنما جیتو پٹوری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بابا صاحب امبیڈکر اور آئین کی توہین کی ہے اور اسی کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے کانگریس رہنما مہو میں جمع ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’تمام کانگریس رہنما جو ہندوستان سے محبت کرتے ہیں، وہ یہاں جمع ہوں گے تاکہ امت شاہ کی جانب سے بابا صاحب امبیڈکر کی توہین کے خلاف احتجاج کریں اور آئین کی حفاظت کے لیے عزم کا اظہار کریں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔