مدھیہ پردیش: بی جے پی رہنما راٹھور کے گھر چھاپہ، سونا، کروڑوں نقد اور 4 مگرمچھ برآمد

بی جے پی رہنما راٹھور کے گھر انکم ٹیکس چھاپے میں کروڑوں روپے نقد، سونا اور 4 مگرمچھ برآمد ہوئے۔ چھاپہ ان کے پارٹنر راجیش کیسروانی کے بیڑی کاروبار میں ٹیکس چوری کی تحقیقات کے سلسلہ میں کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

محکمہ انکم ٹیکس نے مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع میں ایک سابق ایم ایل اے کے گھر پر چھاپہ ماری کی۔ اس دوران بی جے پی رہنما ہرونش سنگھ راٹھور کے گھر سے سونا، کروڑوں روپے نقد اور بے نامی امپورٹیڈ کاروں کے علاوہ ایسی چیز ملی جس کو دیکھ کر انکم ٹیکس کی ٹیم حیران رہ گئی۔ سابق ایم ایل اے کے گھر کے اندر تالاب تھا جس میں 4 مگرمچھ پائے گئے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ چھاپہ ماری راٹھور کے کاروباری پارٹنر راجیش کیسروانی کے بیڑی کاروبار میں ٹیکس چوری کے الزامات کو لے کر کی گئی تھی۔ راٹھور ساگر ضلع میں پرانے رہنما ہیں اور 2013 میں ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ ان کے والد ہرنام سنگھ راٹھور مدھیہ پردیش کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ انکم ٹیکس افسر کیسروانی اور ان کے معاونین سے جڑے ٹھکانوں پر گزشتہ کچھ دنوں سے چھاپہ ماری کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو چھاپہ ماری کے دوران افسروں نے احاطہ کے اندر بنے ایک تالاب میں 4 مگرمچھ دیکھے۔ انہوں نے اس کی اطلاع محکمہ جنگلات کو دی۔ مدھیہ پردیش کے فاریست فورس کے سربراہ اسیم شریواستو نے مگرمچھ ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بحفاظت تحویل میں لیتے ہوئے وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کیے گئے مگرمچھوں کی صحت کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ بتانے سے انکار کیا کہ مگرمچھ کس کے گھر سے ملے ہیں۔


این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ابھی تک 155 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ 3 کروڑ روپے نقد، سونا، چاندی وغیرہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سابق ایم ایل اے کی ہی 140 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی ہے جو کنسٹرکشن کا کاروبار بھی کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔