مدھیہ پردیش: راتوں رات کسان کی کھلی قسمت، زمین کھدائی کرتے وقت ملا لاکھوں کا ہیرا

45 سالہ لکھن سنگھ نے حال ہی میں زمین کا ایک چھوٹا سا حصہ لیز پر لیا تھا۔ زمین کی کھدائی کرتے وقت اسے چمکتی ہوئی چیز دکھائی دی۔ کسان نے جب اس کی جانچ کروائی تو پتہ چلا کہ اسے 14.98 کیرٹ کا ہیرا ملا ہے۔

علامتی، تصویر آئ اے این ایس
علامتی، تصویر آئ اے این ایس
user

تنویر

مدھیہ پردیش کے پنّا علاقہ میں ایک غریب اور مفلس کسان کی اس وقت قسمت کھل گئی جب وہ زراعت کے لیے زمین کی کھدائی کر رہا تھا۔ کھدائی کے دوران اسے تقریباً 60 لاکھ روپے مالیت کا ہیرا ملا جسے دیکھ کر وہ خود بھی حیران ہے اور آس پاس کے لوگ بھی انگشت بدنداں نظر آ رہے ہیں۔ کھدائی کے دوران قیمتی ہیرا ملنے کی خبر کسان کے پڑوسیوں کو جب لگی تو، اسےد یکھنے کے لیے پہنچنے لگے، کئی لوگوں نے کسان کو مبارکباد بھی دی۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جس کسان کی راتوں رات قسمت کھلی ہے، اس کا نام لکھن سنگھ ہے۔ لکھن سنگھ کھیتی کر کے اپنا اور اپنی فیملی کا پیٹ پالتا ہے۔ اس کی عمر 45 سال ہے اور اس نے حال ہی میں زمین کا ایک چھوٹا سا حصہ لیز پر لیا تھا۔ زمین کی کھدائی کرتے وقت اسے چمکتی ہوئی چیز دکھائی دی۔ کسان نے جب اس کی جانچ کروائی تو پتہ چلا کہ اسے 14.98 کیرٹ کا ہیرا ملا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ اس ہیرے کی قیمت 60 لاکھ سے بھی زیادہ بتائی گئی ہے۔ حالانکہ گزشتہ ہفتہ کے روز اس ہیرے کو 60.6 لاکھ روپے میں نیلام کیا گیا ہے۔ کسان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اس ہیرے کے ملنے کے بعد اس کی زندگی بدل گئی ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ نیلامی سے ملے پیسے سے اب وہ چار بچوں کو پڑھائے گا۔ کسان نے ہیرا ملنے کے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’’میں اس لمحہ کو کبھی نہیں بھولوں گا جب مجھے وہ ہیرا ملا تھا۔‘‘ اس نے مزید کہا کہ یہ سب اوپر والے کا دیا ہوا ہے۔ اوپر والے کی مرضی کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔