مدھیہ پردیش: چارجنگ کے دوران الیکٹرونک اسکوٹی میں دھماکہ، 11 سال کی بچی کی دردناک موت، 2 زخمی
رتلام کے این ٹی کالونی دیپک کیرانہ کے پاس رہنے والے بھگوتی موریہ اور کنبہ کے لوگ ای اسکوٹر چارجنگ پر لگا کر سو گئے تھے۔ چارجنگ پوری ہونے کے بعد گاڑی میں دھماکہ ہو گیا۔

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
مدھیہ پردیش کے رتلام کے لکشمن پور پی این ٹی کالونی میں واقع ایک مکان میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں چارجنگ کے لیے رکھے گئے ای-اسکوٹر میں آگ لگ گئی۔ آگ سے پاس میں کھڑی ایکٹیوا بھی زد میں آ گئی اور اس حادثے میں 11 سال کی بچی کی موت ہو گئی جبکہ 2 دیگر لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاع کے مطابق پی این ٹی کالونی دیپک کیرانہ کے پاس رہنے والے بھگوتی موریہ اور کنبہ کے لوگ ای اسکوٹر چارجنگ پر لگا کر سو گئے تھے۔ رات میں چارجنگ پوری ہونے کے بعد اس میں سے چنگاریاں نکلنے لگیں۔ اس سے پاس ہی کھڑی ایکٹیوا گاڑی میں بھی آگ لگ گئی۔
آگ لگنے کے دوران گھر میں سبھی لوگ سو رہے تھے۔ دھواں ہونے پر ان کی نیند کھلی تو انہوں نے مدد کے لیے شور مچایا۔ آس پاس کے لوگوں نے آگ بجھانا شروع کرکے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی اور گھر کے لوگوں کو کسی طرح باہر نکالا گیا، لیکن 11 سال کی بچی انترا چودھری اندر ہی رہ گئی۔ تھوڑی دیر کے بعد بچی کو بھی نکال کر باہر لایا گیا لیکن تب تک وہ شدید طور پر جھلس گئی تھی۔ اسپتال لے جانے کے دوران بچی کی موت ہو گئی۔ انترا اپنی ماں سونالی کے ساتھ نانا بھگوتی موریہ کے گھر آئی تھی۔ انہیں اتوار کی صبح ہی واپس برودرہ جانا تھا۔
وارڈ نمبر 2 کی کونسلر کویتا مہاور کے نمائندہ سنیل مہاور کے مطابق انہیں اس واقعہ کی جانکاری موریہ کے پاس رہنے والے عمران بھائی سے ملی۔ مہاور نے بتایا کہ جس مکان میں حادثہ ہوا وہ دو منزلہ ہے نیچے بھگوتی مورتیہ کا کنبہ رہتا ہے۔ حادثے کے وقت موریہ اور ان کی بیٹی، ناتن کے علاوہ دیگر لوگ بھی تھے۔ وہیں اوپری منزل پر کرایہ دار رہتے ہیں۔
بیٹری والی گاڑی میں حادثے کے بعد کھڑے پیٹرول سے چلنے والے اسکوٹر (جوپیٹر) نے بھی آگ پکڑ لی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑی سمیت دیگر اشیا پوری طرح سے خاکستر ہو گئے۔ آتشزدگی کے دوران وہاں پہنچے لوگوں نے بتایا کہ موقع پر بیٹری سے چلنے والی گاڑی کیبل پلگ سے لگی ہوئی تھی۔ جس الیکٹرونک گاڑی میں دھماکہ ہوا وہ ٹونوال کمپنی کی بتائی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔