مدھیہ پردیش کی انتخابی جنگ ہوئی دلچسپ، کہیں جیٹھ-بہو تو کہیں چچا-بھتیجا آمنے سامنے

ڈبرا میں سمدھی اور سمدھن کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، یہاں بی جے پی نے سابق وزیر امرتی دیوی کو میدان میں اتارا ہے جبکہ کانگریس سے رکن اسمبلی سریش راجے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ووٹرس کی فائل تصویر / یو این آئی</p></div>
i

مدھیہ پردیش اسمبلی انتخاب کی جنگ دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔ اس انتخاب میں پارٹیوں کے ساتھ ساتھ رشتہ داروں میں بھی جنگ چھڑ گئی ہے۔ کہیں جیٹھ اور بہو تو کہیں چچا اور بھتیجا ایک دوسرے کے خلاف کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔

ریاستی اسمبلی انتخاب میں موجودہ حالات جو ابھر کر سامنے آ رہے ہیں اس میں ساگر میں سب سے دلچسپ مقابلہ نظر آ رہا ہے۔ یہاں پر بی جے پی نے شیلندر جین اور کانگریس نے ندھی سنیل جین کو میدان میں اتارا ہے۔ دونوں کے رشتے کو دیکھیں تو شیلندر جیٹھ ہیں اور ندھی ان کے چھوٹے بھائی کی بیوی ہیں۔ یعنی یہاں مقابلہ جیٹھ اور بہو کے درمیان ہے۔


اسی طرح دیوتالاب میں بھی ایک ہی کنبہ کے درمیان مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہاں اسمبلی اسپیکر گریش گوتم کو بی جے پی نے اپنا امیدوار بنایا ہے اور کانگریس نے ان کے بھتیجے پدمیش گوتم پر داؤ لگایا ہے۔ یہاں بھی دلچسپ انتخابی مقابلہ دیکھے جانے کی امید ہے۔

رشتہ داروں کے درمیان مقابلہ کچھ دیگر اسمبلی حلقوں میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مثلاً ڈبرا میں سمدھی اور سمدھن کے درمیان مقابلہ ہے۔ یہاں بی جے پی نے جہاں سابق وزیر امرتی دیوی کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ کانگریس سے رکن اسمبلی سریش راجے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں بھی یہی مقابلہ دیکھنے کو ملا تھا جب کانگریس کے سریش راجے جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔


واضح رہے کہ ریاست کی 230 اسمبلی سیٹوں کے لیے 17 نومبر کو ہونے والے انتخاب کے لیے دونوں اہم سیاسی پارٹیاں کانگریس اور بی جے پی اپنے اپنے امیدواروں کے نام کو آخری شکل دے رہی ہیں۔ کاگنریس نے تو 229 اسمبلی حلقوں کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ بی جے پی نے اب تک 136 اسمبلی حلقوں کے لیے ہی امیدوار طے کیے ہیں۔ سبھی پارٹیوں کے امیدواروں کا نام سامنے آنے کے بعد مزید کئی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔