مدھیہ پردیش: کار سے 15 کروڑ روپے کی نشیلی اشیاء برآمد، شاہ رخ خان گرفتار، پوچھ تاچھ کے دوران اہم انکشافات

نیمچ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج کمار نے اسمیک برآمدگی معاملے میں بتایا کہ گرفتار شخص سے پوچھ تاچھ کے دوران کچھ اہم انکشافات ہوئے ہیں اور مزید پوچھ تاچھ جاری ہے۔

منشیات، علامتی تصویر آئی اے این ایس
منشیات، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نشیلی اشیاء کی برآمدگی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ معاملہ مدھیہ کے نیمچ ضلع کا ہے جہاں پولیس نے ایک کار سے تقریباً 15 کروڑ روپے قیمت کی 14.5 کلوگرام اسمیک ضبط کی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے ایک مبینہ ڈرگس اسمگلر کو گرفتار کیا ہے جس کا نام شاہ رخ خان بتایا جا رہا ہے۔ اس کی عمر 25 سال ہے جس سے پوچھ تاچھ کر اہم جانکاریاں حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نیمچ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج کمار نے اسمیک برآمدگی معاملے میں بتایا کہ گرفتار شخص سے پوچھ تاچھ کے دوران کچھ اہم انکشافات ہوئے ہیں اور مزید پوچھ تاچھ جاری ہے۔ سورج کمار کا کہنا ہے کہ آسام سے لائی جا رہی ممنوعہ اشیاء کو راجستھان لے جایا جا رہا تھا۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس کی ٹیم نے منگل کے روز کار کو روکا اور اس دوران گاڑی سے 15 پیکٹس میں رکھی 14.5 کلوگرام اسمیک برآمد کی گئی۔ ملزم شاہ رخ خان کے خلاف انسداد نشیلی اشیاء سے متعلق این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش میں نشہ کے خلاف پولیس نے بڑی مہم شروع کر رکھی ہے۔ پولیس نے بھوپال کے نو حقہ لاؤنج چلانے والوں کے خلاف گزشتہ دنوں کوٹپا ایکٹ کے تحت کارروائی بھی کی تھی۔ اس کے علاوہ پولیس شراب پی کر گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی لگاتار کارروائی کر رہی ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں پولیس نے نشہ مخالف مہم بھی شروع کر رکھی ہے جس کے تحت لوگوں کو نشہ سے چھٹکارا دلانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔