ٹکٹ کے تکرار میں ٹوٹ رہی ہے مدھیہ پردیش بی جے پی، سرتاج نے بھی دکھائے باغی تیور

ٹکٹ کٹنے کے تذکروں کے بیچ بی جے پی کے سینئر لیڈر سرتاج سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صاف کر دیا کہ وہ آئندہ انتخاب لڑنے کے لیے اپنے کارکنان اور حامیوں سے بات چیت کریں گے، پھر کوئی فیصلہ لیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کے سالے سے جو جھٹکا ملا اس کے بعد کئی دیگر جھٹکے لگ سکتے ہیں۔ پارٹی میں ٹکٹ کو لے کر گھمسان مچا ہوا ہے۔ بی جے پی امیدواروں کی پہلی فہرست آنے کے بعد بغاوتی تیور لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر سرتاج سنگھ نے بھی ٹکٹ نہ ملنے کی حالت میں بغاوت کے اشارے دیے ہیں۔

سیونی مالوا اسمبلی حلقہ سے سرتاج سنگھ بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ اٹل بہاری واجپئی کی حکومت میں مرکزی وزیر رہے، اس کے بعد ریاستی حکومت میں کابینہ وزیر رہے۔ لیکن ان سے تقریباً ڈیڑھ سال پہلے عمر کا حوالہ دے کر وزیر کےعہدہ سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔ اس بار سرتاج سنگھ کا ٹکٹ کاٹنے کی تیاری چل رہی ہے۔ سرتاج سنگھ جس علاقے سے انتخاب لڑتے ہیں وہاں سے ابھی امیدوار طے نہیں ہوا ہے۔

ٹکٹ کٹنے کے تذکروں کے بیچ سرتاج سنگھ نے اتوار کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے صاف کر دیا کہ وہ اگلا انتخاب لڑنے کے لیے اپنے کارکنان اور حامیوں سے بات چیت کریں گے اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیں گے۔ فی الحال سرتاج سنگھ کے اسمبلی حلقہ سیونی مالوا کے لیے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ اس کے باوجود خبر یہی ہے کہ بی جے پی بزرگ لیڈر سابق وزیر اعلیٰ بابو لال گور کے ساتھ سرتاج سنگھ کا بھی ٹکٹ کاٹنے کا من بنا چکی ہے۔ اس سے قبل ہفتہ کو بی جے پی کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا تھا جب وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ کے سالے سنجے سنگھ نے کانگریس کا دامن تھام لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔