مدھیہ پردیش: ضلع سیدھی میں ٹرک اور دو بسوں میں خوفناک تصادم، 15 افراد ہلاک

مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی کے چرہٹ تھانہ علاقے میں سیدھی-ریوا روڈ پر دیر رات ایک ٹرک کے کم از کم دو بسوں سے ٹکرانے کے خوفناک حادثے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے

سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سیدھی: مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی کے چرہٹ تھانہ علاقے میں سیدھی-ریوا روڈ پر دیر رات ایک ٹرک کے کم از کم دو بسوں سے ٹکرانے کے خوفناک حادثے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔

چرہٹ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ ایس پی مشرا نے یواین آئی کو بتایا کہ اس حادثے میں اب تک 15 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کچھ زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے ریوا بھیجا گیا ہے۔ وہیں کچھ شدید زخمیوں کو گروگرام کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سیدھی ضلع سے کچھ فاصلے پر واقع ستنا ضلع میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کے بعد گاؤں والے بسوں کے ذریعے سیدھی ضلع واپس آ رہے تھے۔ چرہٹ تھانہ علاقے کے موہنیا ٹنل علاقے میں ایک جگہ تین بسوں کو روکا گیاتھا۔ اسی دوران تیز رفتار ٹرک نے بسوں کو ٹکر مار دی۔ جس کی وجہ سے دو بسوں کو شدید نقصان پہنچا اور ایک بس کو نسبتاً کم نقصان پہنچا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرک میں سیمنٹ کی بوریاں لدی ہوئی تھیں۔


حادثے کے فوراً بعد وہاں موجود لوگوں اور آس پاس کے گاؤں والوں کی مدد سے مسافروں کو بسوں سے نکالنے کی کوشش کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی سیدھی کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی راحت اور بچاؤ ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ حادثہ تقریباً 9:30 بجے پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے فوری طور پر سیدھی اور ریوا ضلع انتظامیہ کے افسران کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

دیر رات وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی یونٹ کے صدر وشنودت شرما بھی موقع پر پہنچے اور اسپتال پہنچ کر زخمیوں سے ملاقات کی۔ شیوراج چوہان نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہا کہ اس افسوسناک واقعہ میں جو ساتھی نہیں رہے، ان کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے امدادی رقم دی جائے گی۔ اگر زیر کفالت کو سرکاری ملازمت میں لیا جا سکتا ہے تو اسے ملازمت میں لینے کا کام کیا جائے گا۔ بہتر علاج کے ساتھ، شدید زخمیوں کو 2 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔