مدھیہ پردیش: ریوا میں ٹرک-بس کے درمیان اندوہناک ٹکر، 15 ہلاک، درجنوں زخمی

ریوا ٹرک و بس کے درمیان ٹکر جمعرات کی صبح تقریباً 6 بجے ہوئی۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی موقع پر پولس و انتظامیہ کی ٹیم پہنچی اور بچاؤ کام شروع کیا گیا۔ زخمیوں کو سنجے گاندھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے ریوا میں زبردست سڑک حادثہ ہوا جس میں اب تک 15 لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبریں موصول ہو چکی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گڑ بائپاس پر ٹرک اور بس کے درمیان ایسی ٹکر ہوئی جس میں تقریباً نصف درجن لوگ تو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اس حادثے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سنجے گاندھی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زخمیوں میں کئی کی حالت اس وقت سنگین بنی ہوئی ہے۔

خبروں کے مطابق حادثہ جمعرات کی صبح تقریباً 6 بجے سرزد ہوا۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی پولس اور انتظامیہ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور راحت و بچاؤ کام شروع کر دیا۔ سب سے پہلے انھوں نے زخمیوں کو سنجے گاندھی اسپتال میں داخل کرایا تاکہ فوری طور پر ان کا علاج شروع ہو سکے۔ کچھ افراد کی موت اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ہو گئی اور کچھ زخمی افراد کی زندگی اب بھی خطرے میں ہے۔


میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت حادثہ ہوا اس وقت بس میں 45 سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ معمولی طور پر زخمی مسافروں نے بتایا کہ ڈرائیور بس کو کافی تیز چلا رہا تھا۔ اس دوران گڑ بائپاس پر اس نے بس پر سے اپنا کنٹرول گنوا دیا اور بس سامنے سے آ رہے ٹرک سے جا کر ٹکرا گئی۔ حادثہ میں بس کے اگلے حصے کے پرخچے اڑ گئے۔ ڈرائیور کے قریب بیٹھے مسافروں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے وقت ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 17 نومبر کو بڑوالی میں بھی ایک زبردست سڑک حادثہ ہوا تھا۔ بڑوانی ضلع ہیڈکوارٹر سے قریب 26 کلو میٹر دور سڑک حادثے میں ایک ہی فیملی کے 5 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ بڑوانی کے پاس گرام منڈواڈا میں تیز رفتار سے جا رہے ٹرالی اور کار کی آمنے سامنے کی ٹکر ہوئی تھی جس میں کار میں سوار ایک بچی سمیت فیملی کے 5 اراکین ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ اس حادثے میں ایک بچی سنگین طور پر زخمی ہوئی تھی، جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ حادثے کا شکار ہوئے سبھی لوگ انجڈ کے راج پور روڈ کے رہنے والے تھے۔ پانچ لوگوں کی موت سے علاقے میں ماتم پسر گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Dec 2019, 11:11 AM