لدھیانہ ضمنی انتخاب: عآپ نے سنجیو اروڑہ کو بنایا امیدوار، کیا راجیہ سبھا جائیں گے کیجریوال؟
عآپ نے لدھیانہ ویسٹ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں سنجیو اروڑہ کو امیدوار نامزد کیا ہے، جس کے بعد کیجریوال کے راجیہ سبھا جانے کی قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں، تاہم پارٹی نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے

اروند کیجریوال (فائل)/ ویڈیو گریب
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے لدھیانہ ویسٹ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں صنعتکار اور راجیہ سبھا کے رکن سنجیو اروڑہ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ نشست عام آدمی پارٹی کے سابق ایم ایل اے گروپریت سنگھ گوگی کی 10 جنوری کو اچانک موت کے بعد خالی ہوئی تھی۔ گوگی کی پستول چلنے کے باعث جان چلی گئی تھی۔
سنجیو اروڑہ کو اسمبلی کے ضمنی انتخاب کے لیے نامزد کیے جانے کے بعد یہ قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں کہ آیا عام آدمی پارٹی ان کی جگہ اروند کیجریوال کو پنجاب سے راجیہ سبھا بھیجے گی۔ تاہم، پارٹی کے ذرائع نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔
عآپ کے اندرونی ذرائع نے واضح کیا کہ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال راجیہ سبھا نہیں جائیں گے۔ سنجیو اروڑہ کی راجیہ سبھا کی مدت 2028 تک ہے، جبکہ اروند کیجریوال فی الحال دہلی میں سنجیو اروڑہ کو دیے گئے پندارہ پارک کے سرکاری بنگلے میں مقیم ہیں۔
پنجاب کانگریس کے رہنما پرتاپ سنگھ باجوہ نے منگل (25 فروری) کو کہا کہ 100 فیصد امکان ہے کہ اروند کیجریوال راجیہ سبھا جائیں گے۔ ان کے مطابق، پہلے کیجریوال ضمنی انتخاب میں گروپریت سنگھ گوگی کی نشست سے انتخاب لڑنے پر غور کر رہے تھے، لیکن بعد میں انھیں لگا کہ پنجاب میں اس کا وسیع سیاسی اثر پڑے گا اور مقامی لوگ کسی بیرونی رہنما کو قبول نہیں کریں گے، جس کے بعد انھوں نے یہ فیصلہ واپس لے لیا۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور 70 میں سے صرف 22 نشستیں حاصل ہوئیں۔ اس کے نتیجے میں اس بار دہلی میں بی جے پی نے حکومت بنائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔