میری بیٹیوں پر مقدمہ درج ہوا تو امت شاہ پر کیوں نہیں؟... منور رانا

منور رانا نے سوال اٹھایا ہے کہ میری بیٹیوں سمیہ اور فوزیہ پر حکم امتناعی کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہوا لیکن منگل کے روز یہاں ہزاروں لوگوں سے خطاب کرنے والے امت شاہ کے خلاف مقدمہ کیوں نہیں ہوا؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف مظاہرے میں شامل ہونے کی پاداش میں اپنی بیٹیوں کے خلاف مقدمہ درج لکھے جانے کے بعد اردو کے نامور شاعر منور رانا نے امت شاہ کی لکھنؤ ریلی پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جلسہ عام سے خطاب کر کے انتظامیہ کی طرف سے دفعہ 144 کے تحت جاری حکم امتناعی کی خلاف ورزی کی ہے۔

منور رانا نے سوال کیا، ’’میری بیٹیوں سمیہ اور فوزیہ کے خلاف حکم امتناعی کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا لیکن منگل کے روز راجدھانی میں ہزاروں لوگوں سے خطاب کرنے والے امت شاہ کا کیا ہوگا؟ جلسہ عام میں یقینی طور پر چار سے زیادہ افراد تھے۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا؟ دو مختلف افراد کے لئے ایک قانون کے دو پہلو کیسے ہو سکتے ہیں؟‘‘


بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان چندرموہن کی اس دلیل پر کہ امت شاہ کے جلسہ عام کے کے لئے باضابطہ طور پر اجازت لی گئی ہے، شاعر منور رانا نے سوال کیا کہ کیا قانون کو توڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے؟

ادھر، اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے منور رانا کی حمایت کرتے ہوئے کہا، ’’دفعہ 144 مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے لئے کیوں نہیں ہے؟ حکم امتناعی کی خلاف ورزی پر عام آدمی کو اٹھایا جارہا ہے لیکن جب بات حکمراں جماعت بی جے پی کی ہو تو، انتظامیہ خوشی سے انہیں قانون توڑنے کی اجازت دی دیتی ہے۔‘‘

اس بارے میں جب لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک اگروال سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جلسہ عام کے لئے باضابطہ طور پر اجازت دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن، محکمہ تعمیرات عامہپ (پی ڈبلیو ڈی) اور پولیس سمیت دیگر محکموں سے بھی ضروری اجازت لی گئی تھی۔


تاہم، منور رانا نے سوال کیا کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف انہی کے احکامات کی خلاف ورزی کا مقدمہ کب درج کیا جائے گا؟ انہوں نے کہا کہ اگر شاہ کی ریلی کو جائز قرار دیا گیا تو سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ان کی بیٹیوں اور دیگر مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی ناانصافی ہوگی۔

واضح رہے کہ سوموار کی شب مبینہ طور پر حکم امتناعی کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں 160 نامزد افراد اور دیگر نامعلوم کے خلاف لکھنؤ پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے، ان میں منور رانا کی بیٹیاں بھی شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Jan 2020, 2:45 PM