لکھنؤ: شادی میں تیندوے کا ہنگامہ، سڑکوں پر بھاگے لوگ، خوف و دہشت کے سائے میں گزرے 8 گھنٹے
شہر کے بدھیشور ایم ایم لان میں ہو رہی شادی میں تیندوے کے گھس جانے سے ہنگامہ مچ گیا۔ دہشت میں ایک شخص نے چھت سے چھلانگ لگا دی۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے 8 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تیندوے کو پکڑلیا۔
اتر پردیش کے لکھنؤ میں بدھ کی شب ایک شادی کی تقریب کے دوران جو ہوا اس سے ہنگامہ مچ گیا۔ دراصل یہاں شادی تقریب میں تقریباً 8 بجے ایک تیندوے کے گھس جانے کی خبر سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی۔ شہر کے بدھیشور ایم ایم لان میں ہو رہی اس شادی کے بِن بُلائے مہمان (تیندوے) سے لوگ اپنی جان بچانے کے لیے سڑکوں پر بھاگ کھڑے ہوئے۔ ایک شخص نے تو چھت سے ہی چھلانگ لگا دی جس سے وہ بُری طرح زخمی ہو گیا۔
اطلاع ملنے پر ڈی ایف او ڈاکٹر ستیش پانڈے سمیت محکمہ جنگلات کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کافی جدوجہد کے بعد تیندوے کو پکڑا جا سکا۔ لیکن اس ریسکیو سے پہلے جو کچھ ہوا وہ رونگٹے کھڑے کر دینے والا تھا۔ موقع پر پولیس، محکمہ جنگلات کی ٹیم اور انتظامی افسران پہنچے تو حالات کو قابو میں کرنے کے لیے آگے بڑھے۔ لوگوں سے اپیل کی گئی کہ صبر و تحمل بنائے رکھیں اور محکمہ جنگلات کی ٹیم کا تعاون کریں۔
آدھی رات کو چلے تیندوے کے ریسکیو آپریشن میں کئی خطرناک لمحے بھی سامنے آئے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی پولیس اور محکمہ جنگلات کی ٹیم سیڑھیوں پر تیندوے کو اسپاٹ کرتی ہوئی آگے بڑھتی ہے تو تیندوا سامنے آ کر ان کو کھدیڑ دیتا ہے۔
اس کے بعد وہ سب سے آگے چل رہے محکمہ جنلات کے ایک ملازم پر حملہ کر دیتا ہے اور اس کے ہاتھ سے رائفل چھین کر گرا دیتا ہے، اتنے میں کوئی فائر کرتا ہے تو تیندوا پھر گھبرا کر سیڑھیوں سے پیچھے ہو جاتا ہے۔ ریسکیو کرنے آئی ٹیم میں سے کوئی کہتا ہے، 'لگی ہے اسے گولی لگی ہے'۔ تقریباً 8 گھنٹوں تک چلی اس تگ و دو کے بعد جمعرات کی صبح 4 بجے آخر کار تیندوے کو پکڑ لیا گیا۔
شادی کی تقریب میں تیندوے کے ہنگامہ کے درمیان ایک شخص جان بچانے کے لیے لان کی چھت سے کود گیا تھا۔ وہ سنگین طور سے زخمی ہے اور اسے قریبی اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔