لکھنؤ: چارباغ ریلوے اسٹیشن سمیت 3 مقامات پر بم کی اطلاع سے مچی ہلچل، سیکوریٹی ٹیموں نے چلائی تلاشی مہم

اتر پردیش کے اے ڈی سی پی منیشا سنگھ نے کہا ہے کہ بم کی اطلاع جھوٹی پائی گئی ہے۔ فرضی اطلاع دینے والے شخص کے خلاف اس کے موبائل نمبر کے آدھار پر رپورٹ درج کی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں ہفتہ کی دیر رات تین اہم مقامات پر بم ہونے کی اطلاع ملنے سے سیکوریٹی ایجنسیوں میں ہلچل مچ گئی۔ آناً فاناً میں بم ڈسپوزل، میٹرو سیکوریٹی اور یو پی ایس ایس ایف کی ٹیموں نے تلاشی مہم شروع کر دی۔ بم کی اطلاع دینے والے نمبر کو ٹریس کیا گیا تو وہ سوئچ آف ملا۔ فی الحال سبھی جگہوں پر ڈاگ اسکواڈ، بم ڈسپوزل ٹیم کی مدد سے تلاشی لی گئی لیکن کوئی بھی مشتبہ اشیاء برآمد نہیں ہوئی۔ دیر رات تک چیکنگ کا کام جاری رہا۔

پولیس کو ڈائل 112 کے توسط سے بم ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ کال کرنے والے نے بتایا تھا کہ حسین گنج میٹرو اسٹیشن، چار باغ ریلوے اسٹیشن اور عالم باغ بس اسٹینڈ پر بم رکھا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ مل کر ان تین مقامات پر اور ان کے آس پاس گہرائی سے تلاشی مہم کی لیکن انہیں کوئی بھی مشتبہ اشیاء نہیں ملی۔

حسین گنج میٹرو اسٹیشن پر بھی بم ہونے کی اطلاع ملی تھی، جس کی وجہ سے میٹرو اسٹیشن کو فوراً خالی کروا دیا گیا اور بم ڈسپوزل دستہ نے پورے میٹرو اسٹیشن کی تلاشی لی لیکن یہاں سے بھی کوئی مشتبہ اشیا نہیں برآمد ہوئی۔


اس پورے معاملے میں اتر پردیش کے اے ڈی سی پی منیشا سنگھ نے بتایا ہے کہ بم کی اطلاع جھوٹی پائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرضی اطلاع دینے والے شخص کے خلاف اس کے موبائل نمبر کے آدھار پر رپورٹ درج کی جائے گی اور اس کی تلاش کی جا رہی ہے۔ وہیں اس واقعہ کے بعد لکھنؤ میں پولیس اور سیکوریٹی ایجنسیاں مستعد ہو گئی ہیں اور کسی بھی طرح کی سیکوریٹی تساہلی کو روکنے کے لیے اضافی قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔