خلیجِ بنگال میں کم دباؤ کا نظام، جنوبی بنگال میں طوفانی بارش کا خدشہ

خلیجِ بنگال میں کم دباؤ کے نظام کے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کے امکانات کے پیش نظر جنوبی بنگال میں شدید بارش کی پیش گوئی، جبکہ شمالی اضلاع میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i

کولکاتا: خلیجِ بنگال میں بننے والے کم دباؤ کے نظام کے باعث جنوبی بنگال کے متعدد اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارش ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ کم دباؤ کا نظام جلد ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے، جس کے اثرات ہفتہ سے زیادہ نمایاں ہونے کی توقع ہے۔ ریاستی راجدھانی کولکاتا سمیت جنوبی بنگال کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کولکاتا کے علی پور میں واقع علاقائی محکمۂ موسمیات کے مرکز کے مطابق اس وقت کولکاتا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ہفتہ سے بارش کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیجِ بنگال سے بڑی مقدار میں آبی بخارات مسلسل ریاست کی جانب منتقل ہو رہے ہیں، جس کے باعث گرج چمک کے ساتھ بارش کے لیے سازگار حالات پیدا ہو گئے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شمالی خلیجِ بنگال اور اس سے متصل جنوبی بنگلہ دیش کے اوپر بالائی فضاؤں میں گردشی ہواؤں کا ایک مضبوط نظام موجود ہے، جس کے نتیجے میں تین جولائی کے آس پاس شمال مغربی خلیجِ بنگال میں کم دباؤ کا نیا علاقہ تشکیل پا سکتا ہے۔ اسی دوران جنوب مغربی مانسون کی پٹی پنجاب سے شمالی خلیجِ بنگال تک پھیلی ہوئی ہے، جو بارش کے نظام کو مزید تقویت دے رہی ہے۔


ادھر شمالی بنگال کے کئی اضلاع میں گزشتہ چند روز سے جاری مسلسل بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب جیسی صورتحال بھی پیدا ہو گئی، جس کے باعث آمدورفت اور روزمرہ کی سرگرمیاں متاثر رہیں۔ اگرچہ اب شمالی بنگال میں موسم میں کچھ بہتری کے آثار دکھائی دے رہے ہیں، لیکن محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا زور اب جنوبی بنگال کی جانب منتقل ہو رہا ہے۔

دارجلنگ، جلپائی گوڑی اور علی پور دوار میں بدھ کے روز شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔ جنوبی بنگال میں فی الحال ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم ہفتہ سے اس میں نمایاں شدت آنے کی توقع ہے۔

محکمۂ موسمیات نے اتوار کے لیے کولکاتا، جنوبی چوبیس پرگنہ، شمالی چوبیس پرگنہ، ہاوڑہ، بانکورا اور پرولیا میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے علاوہ پیر کے روز مغربی مدناپور، جھاڑگرام، پرولیا اور بانکورا میں بھی انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر منگل کے روز کولکاتا میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 اعشاریہ 2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے ایک اعشاریہ 4 ڈگری زیادہ تھا، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 25 اعشاریہ 9 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے ایک ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات نے عوام کو موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔