مغربی بنگال سے کل 6 مسلم امیدوار پارلیمنٹ پہنچنے میں کامیاب

سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں 17 ویں لوک سبھا انتخابات میں بنگال سے مسلم ممبران پارلیمنٹ کی تعداد میں کمی آئی ہے اور اس مرتبہ بنگال سے 6 ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں 17 ویں لوک سبھا انتخابات میں بنگال سے مسلم ممبران پارلیمنٹ کی تعداد میں کمی آئی ہے اور اس مرتبہ بنگال سے 6 ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر پانچ مسلم ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں جبکہ کانگریس کے ٹکٹ پر صرف ایک مسلم ممبر پارلیمنٹ منتخب ہونے میں کامیاب رہا۔

پانچ مسلم ممبران پارلیمنٹ میں سے ایک اپورپا پوتدار ہیں جنہوں نے آرام باغ لوک سبھا حلقے سے دوسری مرتبہ جیت حاصل کی ہے۔انہوں نے شادی کرنے کے بعد اسلام قبول کرلیا تھا اور ان کا نام آفرین علی بھی ہے۔ جبکہ بشیر ہاٹ مسلم اکثریتی حلقہ سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر ٹالی ووڈ اداکارہ نصرت جہاں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ترنمول کانگریس نے موجودہ ممبر پارلیمنٹ ادریس علی کا ٹکٹ کاٹ کر یہاں سے نصرت جہاں کو امیدوار بنایا تھا۔


جنگی پور لوک سبھا حلقے سے خلیل الرحمن اور مرشدآباد سے ابو طاہر خان نے جیت حاصل کی ہے۔ ان دونوں سیٹوں سے پہلی مرتبہ ترنمول کانگریس نے جیت حاصل کی ہے۔ پہلے یہاں سے کانگریس یا پھر بایاں محاذ کے امیدوار کو کامیابی ملتی تھی۔ الوبیڑیا سے دوسری مرتبہ ساجد احمد نے جیت حاصل کی ہے۔

کانگریس کے ٹکٹ پر مالدہ جنوب سے بہت ہی سخت مقابلہ کے بعد ابو ہاشم خان چودھری نے جیت حاصل کی ہے۔ مالدہ ضلع مسلم اکثریتی ہونے کے ساتھ کانگریس اور غنی خان چودھری کا گڑھ رہا ہے۔ مگر ترنمول کانگریس اور غنی خان چودھری کے خاندان میں اختلافات کی وجہ سے یہاں بی جے پی بڑی طاقت بن کر ابھری ہے۔ اس کی وجہ سے مالدہ شمال کی سیٹ سے کانگریس چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں آنے والی موسم نور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


موسم نور نے انتخابات سے عین قبل کانگریس چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہوئی تھیں۔ ممتا بنرجی نے انہیں یہاں سے امیدوار بنایا تھا، مگر کانگریس نے نور کے ماموزاد بھائی عیسی خان چودھری کو ٹکٹ دے دیا۔ 50 فیصد مسلم اکثریتی والے ضلع میں کانگریس اور ترنمول کانگریس کے درمیان مسلم ووٹوں کی تقسیم کی وجہ سے بی جے پی کے امیدوار کھاکین مورمو، جو سی پی ایم چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے، 38 فیصد ووٹ حاصل کرکے جیت حاصل کر لی۔

رائے گنج لوک سبھا حلقہ جہاں مسلم ووٹ کی تعداد 53 فیصد کے قریب ہے وہاں اس مرتبہ مسلم ووٹوں کی تقسیم کا فائدہ بی جے پی کو ملا ہے، کانگریس نے دیباداس منشی، ترنمول کانگریس نے کنہیا لال اگروال اور سی پی ایم کے ٹکٹ پر محمد سلیم امیدوار تھے۔ مسلم ووٹوں کی تقسیم کی وجہ سے بی جے پی کو جیت ملی اور لوک سبھا میں بہترین مقرر کہے جانے والے محمد سلیم اپنی ضمانت بھی نہیں بچا پائے۔


مغربی بنگال سے منتخب ہونے والے مسلم امیدوار:

  • آفرین علی
  • نصرت جہاں روحی
  • خلیل الرحمٰن
  • ابو ہاشم خان چودھری
  • ابو طاہر خان
  • ساجدہ احمد

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 May 2019, 8:10 PM