مدھیہ پردیش کی 8 پارلیمانی سیٹوں پر پولنگ جاری، 9 بجے تک 12 فیصد پولنگ 

ایم پی کے 8 پارلیمانی حلقوں پر صبح 9 بجے تک دو گھنٹوں میں تقریباً 12.07 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے، صوبہ کے مالوا اور نماڑ خطہ کی 8 سیٹوں پر شام 6 بجے تک پولنگ ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کے 8 پارلیمانی حلقوں پر صبح نو بجے تک دو گھنٹوں میں 12.07 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔ صوبہ کے مالوا اور نماڑ خطہ کی 8 سیٹوں اندور، دیواس، اجین، دھار، کھنڈوا، کھرگون، مندسور اور رتلام سیٹوں پر شام چھ بجے تک پولنگ ہوگی۔ صبح سے تمام پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ کے لئے لوگوں کی قطاریں لگنی شروع ہو گئی تھیں۔

مدھیہ پردیش کے مالوا اور نماڈ اور انچل کے آٹھ پارلیمانی حلقوں میں 18 ہزار چار سو سے زائد پولنگ مراکز پر آج صبح سات بجے سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان ووٹنگ شروع ہو گئی۔

اندور، دیواس، اجین، دھارا، کھنڈوا، كھرگون، مندسور اور رتلام پارلیمانی حلقوں میں شام چھ بجے تک پولنگ جاری رہے گی اور ایک کروڑ 49 لاکھ سے زائد ووٹر ووٹ ڈال سکیں گے۔ ووٹنگ کے لئے تقریبا 81 ہزار پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے ۔ان 8 لوک سبھا حلقوں میں 82 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ اس مرحلے میں کل ایک کروڑ 49 لاکھ 13 ہزار 890 ووٹروں میں سے76 لاکھ 26 ہزار 516 مرد، 72 لاکھ 86 ہزار 890 خواتین اور 484 ٹرانسجنڈر ہیں۔


کھنڈوا سیٹ پر بی جے پی کے سابق ریاستی صدر اور موجودہ رکن پارلیمنٹ نندكمار سنگھ چوہان کا مقابلہ کانگریس کے سابق ریاستی صدر اور سابق مرکزی وزیر ارون یادو سے ہے۔ مندسور سیٹ پر کانگریس کی مرکزی سیاست میں سرگرم نوجوان لیڈر میناکشی نٹراجن انتخابی میدان میں ہیں، جن کے سامنے بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ سدھیر گپتا ایک بار پھر اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔رتلام سیٹ پربھی سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ كانتی لال بھوریا دوبارہ میدان میں اترنے سے چرچا میں ہے۔ ان کا مقابلہ بی جے پی کے گمان سنگھ ڈامور سے ہو رہا ہے۔

اندور سیٹ اس بار یہاں سے آٹھ مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہ چکیں لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن کے انتخابی میدان میں نہ ہونے کے باوجود بھی ہائی پروفائل بنی ہوئی ہے ۔ بی جے پی کی گڑھ اس سیٹ پر اس بار پارٹی کے شنکر لالواني کانگریس کے پنکج سنگھوی کو چیلنج کر رہے ہیں۔


نزدیکی دھارا سیٹ پر کانگریس کے دنیش گروال اور بھاجپا کے چھتر سنگھ کے درمیان سخت مقابلہ ہے ۔دیواس میں بی جے پی نے جج رہ چکے مہندر سولنکی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ سولنکی کانگریس کے پرہلاد ٹپانيا کا سامنا کر رہے ہیں۔ ٹپانيا نا معروف لوك گلوکار اور پدم شری ایوارڈ یافتہ ہیں۔دیواس ہی متصل اجین سیٹ پر بھی بی جے پی نے نیا چہرہ اتارتے ہوئے سابق رکن اسمبلی انل فروجيا پر بھروسہ کیا ہے۔ ان کے سامنے انتخابی دنگل میں کانگریس کے بابو لال مالویہ ہیں۔ كھرگون سیٹ پر بی جے پی کے گجیندر پٹیل کانگریس کے ڈاکٹر گووند مجالدے کو چیلنج کر رہے ہیں۔

مدھیہ پردیش میں کل 29 لوک سبھا سیٹ ہیں۔ 21 سیٹوں پر ریاست میں تین مراحل میں بالترتیب 29 اپریل کو چھ، چھ مئی کو سات اور 12 مئی کو آٹھ سیٹوں پر پولنگ ہو چکی ہے۔ باقی آٹھ سیٹوں پر پولنگ آج ہو رہی ہے۔ تمام سیٹوں کے نتائج 23 مئی کو آئیں گے۔ فی الحال 29 میں سے 26 بی جے پی کے پاس اور تین سیٹیں کانگریس کے قبضے میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 May 2019, 10:10 AM
/* */