سری نگر پارلیمانی نشست کے لئے نوٹیفکیشن جاری، ریٹرننگ افسر نے جاری کیے رہنما خطوط

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کے بعد سری نگر پارلیمانی حلقے کے ریٹرننگ آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے نامزدگیاں داخل کرنے کے خاطر امید واروں کے لئے رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔

رہنماخطوط کے مطابق سری نگر لو ک سبھا نشست کے لئے نامزدگیاں ریٹرننگ افسر کے دفتر میں صبح 11بجے سے سہ پہر 3 بجے تک داخل کی جاسکتی ہیں۔

رہنما خطوط کے مطابق قومی اور مقامی سیاسی پارٹیوں کے امید واروں کے لئے تجویز کاروں کی تعداد ایک مقرر کی گئی ہے جبکہ غیر تسلیم شدہ پارٹیوں کے امیدواروں اور آزاد امید واروں کے لئے یہ تعداد 10ہوگئی ۔ مزید کہا گیا ہے کہ نامزدگیاں داخل کرنے کے وقت امید وار سمیت پانچ افراد کو ریٹرننگ افسرکے دفتر میں آنے کی اجازت ہوگی جبکہ امید وار زیادہ سے زیادہ تین گاڑیاں اپنے ساتھ لا سکتا ہے۔

امید وارکے لئے لازمی ہے کہ وہ نامزدگی داخل کرنے سے قبل ایک علاحدہ بینک کھاتہ کھولے۔ امید واروں سے کہا گیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے رہنما خطوط کے بارے میں مکمل جانکاری حاصل کریں یا مزید جانکاری لینے کے لئے ریٹرننگ افسر کے دفتر سے رابطہ قائم کریں۔

امید واروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے عمل کو احسن طریقے پر انجام دینے کے لئے سری نگر کے اے ڈی سی کے کے سدھا کو نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ سری نگر پارلیمانی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 26 مارچ 2019 مقرر کی گئی جبکہ 27 مارچ کو کاغذات کی جانچ کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 29 مارچ 2019ء کو واپس لئے جاسکتے ہیں جبکہ ووٹنگ کا عمل 18 اپریل صبح 7بجے سے شام 6 تک ہوگا۔

سری نگر پارلیمانی نشست سر ی نگر، بڈگام اور گاندربل اضلاع پر مشتمل ہے اور یہاں رائے دہندگان کی کل تعداد 1290318 ہے۔ ووٹروں کے لئے کل 1716 انتخابی مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔ ریٹرننگ افسر نے کہا ہے کہ مائیگرنٹ ووٹروں کے لئے جموں میں 21، اودھمپور میں ایک اور نئی دلی میں چار کل 26 انتخابی مراکز قائم کیے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔