اعظم خان کے سامنے بی جے پی کا کوئی بھی ہتھکنڈہ کارگر نہیں ہوگا: مایاوتی

بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ سنا ہے کہ رامپور میں بھی بی جے پی کے چوکیدار گھوم رہے ہیں لیکن اس بار ان کی چوکیداری کام نہیں آنے والی ہے۔ چوکیدار کتنا بھی زور لگالے لیکن ان کی پارٹی کی ہار یقینی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

رامپور: اترپردیش کے رامپور پارلیمانی سیٹ سے سماجوادی کے قدآور لیڈر و پارٹی امیدوار اعظم خان کی حمایت میں ووٹروں سے ووٹ کرنے کی اپیل کرتی ہوئیں بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار پارٹی لاکھ ہتھکنڈے اپنائے لیکن رامپور سے اتحاد کے امیدوار اعظم خان کی جیت یقینی ہے۔

اعظم خان کی حمایت میں ایس پی۔بی ایس پی کی مشترکہ ریلی سے خطاب کرتی ہوئیں مایاوتی نے کہا کہ انتخاب میں اپنی ہار سامنے دیکھ کر بی جے پی کے لیڈر حواس باختہ ہیں اور وہ اتحاد کے امیدوار کو بدنام کرنے کے لئے طرح طرح کے ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں۔ لیکن عوام ان کی سازشوں سے اچھی طرح سے آگاہ ہیں موجودہ انتخابات میں اعظم خان کو رامپور سے ہرانا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت میں کسان، بے روزگار نوجوان، غریب، پچھڑے، تاجر، دلت سمیت ہر سما ج کے لوگوں کا استحصال کیا گیا ہے۔ جھوٹے وعدے اور جملوں سے عوام کو چھلا گیا ہے۔ اس بار نریندر مودی کی چوکیداری والا ہتھکنڈہ کام نہیں آنے والا ہے اور بی جے پی حکومت کی وداعی یقینی ہے۔

بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ انہوں نے سنا ہے کہ رامپور میں بھی بی جے پی کے چوکیدار گھوم رہے ہیں لیکن اس بار ان کی چوکیداری کام نہیں آنے والی ہے۔ چوکیدار کتنا بھی زور لگا لے لیکن ان کی پارٹی کی ہار یقینی ہے۔ بھیڑ کے جو ش کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ عوام بی جے پی اور آر ایس ایس کو جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ رامپور سے اعظم خان تاریخی جیت درج کریں گے وہیں مرادآباد میں ایس پی امیدوار ایس ٹی حسن اور سنبھل سے شفیق الرحمان برق بھی جیتیں گے۔

بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک میں سب سے زیادہ راج کانگریس کا رہا ہے۔ اس کے بعد بی جے پی کو بھی اقتدار کرنے کا موقع ملا ہے۔ کانگریس اپنی غلطیوں کی وجہ سے اقتدار سے باہر ہوئی ہے۔ عوام کانگریس اور بی جے پی کے لبھاونے بھرے وعدے سے اپنی جانب مائل کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس نے غریبوں کو لبھانے کے لئے چھ ہزار کروڑ روپئے دینے کی بات کہی ہے۔ اس سے کچھ نہیں ہوگا۔ غریبوں کو ہم روپئے نہیں بلکہ روزگار دیں گے تاکہ وہ باختیار بن سکیں۔

اس موقع پر ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ کبھی چائے والا تو کبھی چوکیدار بن کر ملک کے عوام کو ورغلانے والے پی ایم مودی کے جھوٹ سے عوام آگاہ ہوچکے ہیں اور اس انتخاب میں انہیں کراری شکست دینے کے لئے بے چین ہیں۔ بی جے پی حکومتوں نے سماج کے غریب، استحصال زدہ کسان، اور اقلیتوں کا استحصال کیا ہے۔ نوٹ بندی کے ذریعہ انہیں قطار میں کھڑا کر دیا گیا۔ عوام اب انہیں’’ووٹ بندی‘‘ کا راستہ دکھا کر بے دخل کردیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔