لوک سبھا انتخابات: یوپی کے مظفر نگر سے بی جے پی امیدوار سنجیو بالیان کے قافلے پر حملہ

پولیس سپرنٹنڈنٹ ستیہ نارائن پرجاپت کے مطابق کھتولی پولیس اسٹیشن کو مڈھ کریم پور گاؤں میں پتھراؤ کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی، علاقے میں امن و امان ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/ سوشل میڈیا</p></div>

تصویر/ سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے مظفر نگر لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار اور مرکزی وزیر سنجیو بالیان کے قافلے پر ہفتہ (30 مارچ) کی رات حملہ کیا گیا اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ حملے میں بی جے پی کے کئی کارکن زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ وزیر سنجیو بالیان کھتولی تھانہ علاقہ کے گاؤں مڈھ کریم پور میں انتخابی جلسے کے لیے راکیش سنگھ کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔

مظفر نگر کے بی جے پی ضلع صدر سدھیر سینی نے بتایا کہ گاؤں مڈھ کریم پور کے سربراہ راکیش سنگھ کی رہائش گاہ پر جلسہ چل رہا تھا۔ اسی دوران نامعلوم افراد کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی اور نعرے بازی کرنے لگے۔ جب انہیں وہاں سے جانے کو کہا گیا تو انہوں نے گالی گلوچ اور لڑائی کرتے ہوئے باہر کھڑی قافلے کی گاڑیوں پر پتھراؤ کرنا شروع کر د یا۔


اس دوران بی جے پی کارکن نتن سوم، چھوٹو سوم، ابھیشیک اور بھیم سنگھ چوہان زخمی ہو گئے۔ انہیں میرٹھ کے ہائر سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ وزیر سنجیو بالیان نے کہا کہ پروگرام کے دوران کچھ سماج دشمن عناصر نے قافلے پر پتھراؤ کیا، جس میں قافلے میں شامل 8 سے 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ستیہ نارائن پرجاپت نے بتایا کہ کھتولی پولیس اسٹیشن کو گاؤں مڈھ کریم پور میں کچھ نامعلوم نوجوانوں کے ذریعہ پتھراؤ کی اطلاع ملی تھی۔ جس پر پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ اے ایس پی نے کہا کہ اس معاملے میں مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے گی۔علاقے میں امن و امان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔