لوک سبھا انتخابات 2024: ووٹ فیصد بڑھانے کے لیے سرگرم کردار نبھائیں گے 48000 تنظیموں سے منسلک 9 کروڑ کاروباری!

کیٹ کے قومی سربراہ بی سی بھرتیا اور قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 48 ہزار سے زیادہ تجارتی تنظیمیں ہیں جو ملک کے سماجی و معاشی ڈھانچہ کا اہم حصہ ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب 2024 کی تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں۔ ایک طرف سیاسی پارٹیاں پوری طرح سرگرم دکھائی دے رہی ہیں، تو دوسری طرف الیکشن کمیشن کے افسران بھی لگاتار مختلف ریاستوں کا دورہ کر انتخابی تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس درمیان ووٹنگ کو لے کر عوامی بیداری کی کوششیں بھی چل رہی ہیں۔ اس ضمن میں کیٹ (کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس) نے ایک بہترین پیش رفت کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں مکمل عوامی شراکت داری کو یقینی بنانے کے لیے کیٹ نے انتخابی کمیشن کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

دراصل ووٹنگ فیصد کو بڑھانے کے لیے کاروباری اور تجارتی طبقہ کے تعاون کی پیشکش سے متعلق کیٹ نے جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو ایک خط بھیجا ہے۔ اس میں تجارتی اداروں کے سرگرم تعاون کے ذریعہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹنگ فیصد کو بڑھانے میں تعاون دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ کیٹ سے تقریباً 48000 تجارتی تنظیمیں منسلک ہیں اور ان تنظیموں کے ساتھ تقریباً 9 کروڑ سے زیادہ چھوٹے بڑے کاروباری جڑے ہوئے ہیں۔ یہ سبھی لوک سبھا انتخابات میں اپنا سرگرم کردار نبھانے کے لیے تیار ہیں۔ کیٹ کے قومی سربراہ بی سی بھرتیا اور قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال کا کہنا ہے کہ دہلی میں تقریباً 3500 اور ملک بھر میں 48 ہزار سے زیادہ تجارتی ادارے کام کر رہے ہیں۔ یہ ادارے ملک بھر میں تقریباً 9 کروڑ تاجروں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ملک کے گھریلو کاروبار میں تقریباً 25 کروڑ افراد بلاواسطہ یا بالواسطہ طور سے روزگار پاتے ہیں۔ اس بڑے نیٹورک کی رسائی ملک کے ہر حصے تک ہے۔ یہ کاروباری طبقہ ملک کے سماجی و معاشی ڈھانچے کا ایک اہم حصہ ہے۔ اسی وجہ سے کیٹ نے انتخابی کمیشن کو تاجروں و کاروباریوں کے تعاون کی تجویز پیش کی ہے۔

بھرتیا اور کھنڈیلوال کا کہنا ہے کہ تاجروں اور گاہکوں کے درمیان اچھے رشتے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے ذریعہ عوامی بیداری مہم چلائے جانے کا وسیع اثر ہوگا۔ اس بڑے نیٹورک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کیٹ نے انتخابی کمیشن کے تعاون سے عوام کو بیدار کرنے، معلوماتی مواد کو پھیلانے اور انھیں حق رائے دہی کے استعمال سے متعلق راغب کرنے کی منشا ظاہر کی ہے۔ دونوں لیڈران کا کہنا ہے کہ انتخابی کمیشن کے ساتھ ہاتھ ملا کر کیٹ کاروباریوں اور مختلف طبقات کے درمیان شہری ذمہ داری و شراکت داری کی ثقافت کو فروغ دے سکتا ہے۔ کیٹ کے ذریعہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ عوامی شراکت داری کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انتخابی کمیشن کے ذریعہ ووٹ فیصد میں اضافہ کرنے کی کوششوں کو رفتار دینے میں کیٹ اہل ہے۔ انتخابات میں ووٹنگ فیصد بڑھانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کیٹ انتخابی کمیشن سے تبادلہ خیال کرنے کا خواہش مند ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔