ویڈیو: بی جے پی میں بغاوت، روی شنکر پرساد اور آر کے سنہا کے حامیوں کے درمیان مار پیٹ

بی جے پی نے بہار کی ہائی پروفائل سیٹوں میں سے ایک پٹنہ صاحب سے شتروگھن سنہا کی جگہ روی شنکر پرساد کو ٹکٹ دیا ہے جس کے سبب ٹکٹ کے مضبوط دعویدار مانے جا رہے آر کے سنہا ناراض بتائے جا رہے ہیں۔

بہار میں بی جے پی کارکنان آپس میں لڑائی کرتے ہوئے
بہار میں بی جے پی کارکنان آپس میں لڑائی کرتے ہوئے
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی میں ٹکٹ تقسیم کو لے کر کئی ریاستوں میں ہنگامہ برپا ہے۔ بہار کے نوادہ سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض چل رہے گری راج سنگھ کے بعد بہار میں ہی بی جے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن آر کے سنہا بھی ناراض بتائے جا رہے ہیں۔ دراصل بی جے پی نے بہار کی ہائی پروفائل سیٹوں میں سے ایک پٹنہ صاحب سے شتروگھن سنہا کی جگہ روی شنکر پرساد کو ٹکٹ دے دیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد ٹکٹ کے مضبوط دعویدار مانے جا رہے آر کے سنہا ناراض ہو گئے ہیں۔ یہ ناراضگی اس وقت ظاہر ہو گئی جب ان دو بڑے لیڈروں کے حامی آپس میں متصادم ہو گئے۔

پٹنہ صاحب لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی نے مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کو اپنا امیدوار اعلان کر دیا ہے۔ امیدوار بننے کے بعد آج (منگل) پہلی بار روی شنکر پرساد پٹنہ پہنچے۔ پٹنہ ائیر پورٹ پر ان کے استقبال کے لیے ان کے حامی بھی پہنچے، لیکن اسی وقت آر کے سنہا کے حامی ائیر پورٹ پر پہنچ گئے اور روی شنکر پرساد کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔ اسی دوران دونوں کے حامیوں کے درمیان مار پیٹ شروع ہو گئی۔ وزیر قانون روی شنکر پرساد اور بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن آر کے سنہا کے حامیوں نے ائیر پورٹ پر ہی ہنگامہ برپا کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ پٹنہ صاحب سے موجودہ رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا کے تلخ رویہ کو دیکھتے ہوئے اس بات کا اندیشہ پہلے سے ہی تھا کہ بی جے پی اس بار انھیں ٹکٹ نہیں دینے جا رہی۔ ایسے ماحول میں آر کے سنہا کو بھی اس سیٹ سے مضبوط دعویدار مانا جا رہا تھا۔ لیکن روی شنکر پرساد کو ٹکٹ دے دیا گیا جس سے ان کے حامیوں میں ناراضگی پیدا ہو گئی۔ یہ بات اتنی بڑھ گئی کہ دونوں کے حامی آپس میں متصادم ہو گئے۔حالات اس قدر بگڑ گئے کہ موقع پر موجود پولس کو حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج تک کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔