عام انتخابات LIVE: بی جے پی امیدوار بابل سپریو کے خلاف کیس درج

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

22 Apr 2019, 8:10 PM

بی جے پی امیدوار بابل سپریو کے خلاف کیس درج

مرکزی وزیر اور آسنسول سے بی جے پی امیدوار بابل سپریو کے خلاف 2 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ یہ ایف آئی آر انتخابی کمیشن کے ذریعہ درج کرائے گئے۔ پہلی ایف آئی آر انتخابی کمیشن کی اجازت نہیں ملنے کے باوجود تشہیری نغمہ بجانے کو لے کر کرائی گئی ہے جب کہ دوسری ایف آئی آر ایک انتخابی افسر کا کیمرہ چھیننے کے الزام میں درج ہوئی ہے۔ حالانکہ ایف آئی آر درج کیے جانے کے اپنے بیان سے بعد میں انتخابی کمیشن پلٹ گئی اور ایڈیشنل چیف الیکشن افسر سنجے بسو نے اس بیان کو واپس لے لیا۔ انھوں نے کہا کہ تشہیر کے دوران پولس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے اور سرکاری کام میں رخنہ پیدا کرنے کے معاملے میں نوٹس لیتے ہوئے پولس نے کیس درج کیا ہے۔

22 Apr 2019, 4:53 PM

3 بار بی جے پی رکن پارلیمنٹ رہے سریش چندیل کانگریس میں شامل

ہماچل پردیش کے حمیر پور پارلیمانی حلقہ سے تین بار رکن پارلیمنٹ رہے بی جے پی لیڈر سریش چندیل نے دہلی میں راہل گاندھی کی موجودگی میں کانگریس کا دامن تھام لیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ کانگریس ریاستی صدر کلدیپ سنگھ راٹھوڑ اور ریاستی انچارج رجنی پاٹل بھی موجود تھیں۔

22 Apr 2019, 4:06 PM

اتر پردیش: ساتویں مرحلہ کے لیے نوٹیفکیشن جاری

لکھنؤ: عام انتخابات کے پیش نظر اترپردیش میں ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 13 لوک سبھا سیٹوں کے لئے پیر کو الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ساتویں مرحلے کے تحت وارانسی، گورکھپور، غازی پور، چندولی او رمرزا پور جیسی اہم سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت مرکزی وزیر منوج سنہا (غازی پور)، مرکزی وزیر و اپنا دل (سونی لال) کی فاونڈر انوپریا پٹیل(مرزا پور) یو پی بی جے پی صدر ڈاکٹر مہندر ناتھ پانڈے(چندولی)بھوجپوری اداکار و بی جے پی امیدوارروی کشن (گورکھپور) کے سیاسی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ آخری مرحلے کے لئے 19 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔


22 Apr 2019, 3:02 PM

پاکستان سے گولی آئے گی تو یہاں سے گولہ جائے گا: امت شاہ

انتخابی کمیشن کے ذریعہ انتخابی تشہیر میں فوج یا فوجی کارروائی کا تذکرہ کرنے سے منع کیے جانے کے باوجود بی جے پی کے چھوٹے اور بڑے لیڈران پلوامہ، بالاکوٹ اور پاکستان کا کسی نہ کسی طرح تذکرہ کر ہی رہے ہیں۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے بھی آج کھلے عام پاکستان کا نام لیا۔ انھوں نے مغربی بنگال کے بیرم بھوم میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے 40 جوان کو مار دیں تو اس کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے یا بم گرانا چاہیے؟ کیا کرنا چاہیے؟ ممتا دی آپ کو دہشت گردوں کے ساتھ ایلو-ایلو کرنا ہے تو کیجیے، یہ بی جے پی کی حکومت ہے، پاکستان سے گولی آئے گی، یہاں سے گولہ جائے گا۔‘‘

22 Apr 2019, 2:09 PM

امیٹھی سے راہل گاندھی کا پرچہ نامزدگی درست قرار

اتر پردیش کے امیٹھی کے الیکٹورل افسر نے کانگریس صدر راہل گاندھی کی نامزدگی کو درست ٹھہرایا ہے۔ نامزدگی کے ساتھ داخل کرائے گئے دستاویزات پر کچھ شرارتی لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا تھا لیکن جانچ کے بعد سبھی دستاویز صحیح پائے گئے ہیں۔


22 Apr 2019, 1:10 PM

تیسرے مرحلے کی پولنگ سے عین قبل کئی پولس افسران کے تبادلہ

کولکاتا: تیسرے مرحلے کی پولنگ شروع ہونے سے عین قبل الیکشن کمیشن نے سات پولس آفیسروں کو ہٹا دیا ہے۔ کمیشن نے بشنوپور کے ایس ڈی پی او کو ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔

کمیشن نے اپنی ریلیز میں مرشدآباد ضلع کے ر گھوناتھ گنج کے آئی سی سیکت رائے، فرکا کے اوجے شنکر، سمسار گنج کے اے ایس آئی کو ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ خیال رہے کہ مالدہ کی دو سیٹیں، مرشداباد، جنگی پور اور بالور گھاٹ میں منگل کو پولنگ ہونی ہے۔

مرشدآباد کے مختلف تھانہ کے پولس افسران کے تبادلہ کے علاوہ مغربی بردوان ضلع کے بارا بانی پولس اسٹیشن کے آفیسر انچارج اجے منڈلل، انڈال تھانہ کے راج شیکھر مکھرجی اور شمالی 24 پرگنہ کے کرش نندو گھوش کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بشنو پور کے ایس ڈی پی او سوک مالا داس کو ہٹانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

22 Apr 2019, 11:59 AM

دہلی کے لئے کانگریس نے جاری کی 6 امیدواروں کی فہرست، شیلا دکشت کو ملا ٹکٹ

لوک سبھا انتخابات 2019 کے لئے کانگریس نے ایک اور فہرست جاری کر دی ہے، اس لسٹ میں دہلی کے 6 امیدواروں کے نام ہیں، شیلا دکشت کو شمال مشرقی دہلی سے پارٹی نے امیدوار بنایا ہے، نئی دہلی سے اجے ماکن، چاندنی چوک سے جے پی اگروال، مشرقی دہلی سے اروندر سنگھ لولی، شمال مغربی دہلی سے راجیش لیلوتھيا اور مغرب دہلی سے مہابل مشرا کو پارٹی نے امیدوار بنایا ہے۔


22 Apr 2019, 10:40 AM

آج سے امیٹھی اور رائے بریلی دورے پر سونیا اور راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی آج امیٹھی اور رائے بریلی کے دورے پر رہیں گے، اس دوران وہ انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ راہل گاندھی کی ماں اور یو پی اے کی صدر سونیا گاندھی بھی آج سے دو دن تک رائے بریلی کے دورے پر رہیں گی، ان کے ساتھ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی موجود رہیں گی، سونیا گاندھی رائے بریلی سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔