عام انتخابات 2019: امیٹھی کے علاوہ وائناڈ سیٹ سے بھی انتخاب لڑیں گے راہل گاندھی

راہل گاندھی کی ایک فائل تصویر 
راہل گاندھی کی ایک فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

01 Apr 2019, 9:02 PM

امیٹھی کے ساتھ کیرالہ کی وائناڈ سیٹ سے بھی انتخاب لڑیں گے راہل

کانگریس صدر راہل گاندھی اتر پردیش میں اپنی روایتی سیٹ امیٹھی کے علاوہ کیرالہ کی وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے بھی انتخاب لڑیں گے۔ اتوار کو کانگریس کے دہلی واقع صدر دفتر میں پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا اور سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بات کی جانکاری دی ہے۔ راہل گاندھی کے علاوہ اس سے پہلے کانگریس پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی بھی رائے بریلی اور کرناٹک کے بیلاری لوک سبھا حلقہ سے انتخاب لڑ چکی ہیں۔ پارٹی ترجمان سرجے والا نے کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک تین ریاستوں کے تئیں بی جے پی کی استحصال والی پالیسی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی یہاں سے ان تینوں ریاستوں کی نمائندگی کر پائیں گے۔

01 Apr 2019, 7:05 PM

تیج پرتاپ نے کی آر جے ڈی سے الگ ’لالو رابڑی مورچہ‘ کی تشکیل

راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو کے گھر میں کافی دنوں سے سب ٹھیک ٹھاک نہیں چل رہا اور تیج پرتاپ اکثر کچھ نہ کچھ ایسا قدم اٹھا رہے ہیں کہ آر جے ڈی فیملی کو سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اب انھوں نے ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے آر جے ڈی سے الگ ’لالو رابڑی مورچہ‘ کے نام سے نئی پارٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے لانچنگ تقریب کے دوران پٹنہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم لوک سبھا کی دو سیٹوں شیوہر اور جہان آباد کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘ دراصل تیج پرتاپ ’لالو رابڑی مورچہ‘ کے بینر تلے اپنے دو امیدواروں کو کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ امکان یہ بھی ہے کہ کسی ایک سیٹ سے وہ خود انتخاب لڑنے کے خواہشمند ہیں۔

01 Apr 2019, 6:10 PM

لوک سبھا انتخاب میں اتحاد سے راہل نے انکار کر دیا: کیجریوال

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے پیر کو کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی نے دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں کے لئے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے ساتھ اتحاد سے انکار کر دیا۔ مسٹر کجریوال نے میڈیا سے کہا کہ ’’حال ہی میں دہلی میں ’عآپ‘ اور کانگریس کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنے کے لئے مسٹر گاندھی سے ملاقات کی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا‘‘۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی کانگریس صدر شیلا دیکشت نے اتوار کو کہا تھا کہ ’عآپ‘ کے ساتھ اتحاد پر جلد ہی رسمی طور پر آخری فیصلہ بتا دیا جائے گا۔ ذرائع نے تاہم اشارہ دے دیا تھا کہ’عآپ‘ سے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دہلی کی ساتوں سیٹوں پر فی الحال بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا قبضہ ہے۔ دہلی میں 12 مئی کو پولنگ ہو گی۔ مسٹر کجریوال کے مذکورہ بالا بیان کے بعد ان کے قریب ترین ساتھی رہے کمار وشواس نے ٹوئٹر پر طنز کیا- انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہی رفیوزڈ، وہاٹ اے کال‘‘۔ انہوں نے اپنے شاعرانہ انداز میں مزید کہا ’’تم نکلے تھے لینے سوراج سورج کی سرخ گواہی میں، پر آج سوئم ٹمٹما رہے جگنو کی نوکر شاہی میں....۔‘‘


01 Apr 2019, 5:09 PM

کانگریس حکومت میں خواتین کو ملازمت میں ملے گی 33 فیصد ریزرویشن: راہل گاندھی

تلنگانہ کے وانپرتی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’نریندر مودی 24 گھنٹے میں 27 ہزار ہندوستانی نوجوانوں سے روزگار چھینتے ہیں جب کہ چین 24 گھنٹے میں 50 ہزار نوجوانوں کو روزگار دیتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم جانتے ہیں کہ ہندوستان کی خواتین کو مزید طاقت دینے کی ضرورت ہے۔ ہم لوک سبھا، راجیہ سبھا اور ودھان سبھا میں 33 فیصد ریزرویشن دیں گے اور ساتھ ہی حکومت ہند کی 33 فیصد ملازمتوں کو خواتین کے لیے محفوظ کر دیں گے۔‘‘

01 Apr 2019, 4:08 PM

’نمو ٹی وی‘ کی لانچنگ سے ناراض عآپ نے انتخابی کمیشن سے کی شکایت

عام آدمی پارٹی نے ’نمو ٹی وی‘ سے متعلق انتخابی کمیشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں اس بات پر اعتراض کیا گیا ہے کہ عام انتخابات سے قبل بی جے پی کے ذریعہ اس طرح کا سیاسی چینل شروع کرنا مناسب نہیں۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’کیا انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کے بعد کسی سیاسی پارٹی کو اپنا چینل جاری رکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ اگر انتخابی کمیشن سے کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی تو کمیشن نے اس پر کیا کارروائی کی؟‘‘ قابل غور ہے کہ نمو ٹی وی چینل گزشتہ دن ہی لانچ کیا گیا ہے۔


01 Apr 2019, 3:09 PM

بی ایس پی نے 6 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے پیر کو عام انتخابات کے لئے اترپردیش میں پارٹی امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی۔ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ اس فہرست میں 6 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ’’جن چھ امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں سے 3 ریزرو سیٹ کے لئے ہیں جبکہ دیگر تین جنرل سیٹ کے لئے ہیں۔ اپنی دوسری فہرست کے ساتھ بی ایس پی نے ایس پی اور آر ایل ڈی کے ساتھ اتحاد میں اپنے حصے کی 37 سیٹوں میں سے 17 پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ بی ایس پی نے 22 مارچ کو جاری اپنی پہلی لسٹ میں 11 امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ پارٹی سے امیدواروں کی جاری لسٹ کے مطابق امر چندر جوہر سہارنپور(ریزرو)، نیلو ستیارتھی مشریخ (ریزرو)، منوج اگروال فرخ آباد، نشا سچان اکبر پور، پنکج سنگھ جالون (ریزرو) اور دلیپ کمار سنگھ کو ہمیر پور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

01 Apr 2019, 2:08 PM

سماجوادی پارٹی نے نشاد پارٹی پر بی جے پی سے 50 کروڑ لے کر گروپ بدلنے کا لگایا الزام

نشاد پارٹی پہلے سماجوادی پارٹی-بہوجن سماج پارٹی-آر ایل ڈی اتحاد کے ساتھ کھڑی نظر آ رہی تھی لیکن گزشتہ دنوں اس نے عام انتخابات میں بی جے پی کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا۔ اب سماجوادی پارٹی کے گورکھپور پارلیمانی حلقہ سے امیدوار رام بھوال نشاد نے نشاد پارٹی کے سربراہ سنجے نشاد پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے بی جے پی کے ساتھ خفیہ معاہدہ کر کے مہاگٹھ بندھن کا ساتھ چھوڑا۔ انھوں نے کہا کہ سنجے نشاد نے بی جے پی سے 50 کروڑ روپے لیے اور اس کے ساتھ کھڑی ہو گئی۔ رام بھوال نشاد نے یہ بھی کہا کہ یہ معاہدہ سنجے نشاد اور یوگی جی کے درمیان ہوا۔


01 Apr 2019, 1:09 PM

جموئی میں ایل جے پی کو ’چراغ ‘ روشن رکھنے کا چیلنج

پٹنہ: بہار میں نکسل متاثرہ جموئی (ریزرو) پارلیمانی حلقہ میں اس بار کے لوک سبھا انتخابات میں لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کو ’چراغ‘ روشن رکھنے کا چیلنج ہوگا۔

ملک کی انتخابی تاریخ میں تقریبا 38 سال تک عدم وجود رہی جموئی سیٹ نے سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں اداکاری کی دنیا میں ناکام رہے چراغ پاسوان کو سیاست میں ایک مکمل وجود ضرور دیا ہے۔ ٹھیک پانچ سال قبل اس حلقے میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو اندھیرے میں دھکیل کر ایل جے پی نے چراغ تو جلایا لیکن سال 2019 کے عام انتخابات میں راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) کے پنکھے (انتخابی نشان) کی تیز ہواؤں کے درمیان چراغ کو روشن رکھنے کا چیلنج ہوگا۔

01 Apr 2019, 12:01 PM

سی ایم یوگی کی ریلی میں دکھا اخلاق لنچنگ کا اہم ملزم

اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر کے بسیهڑا گاؤں میں منعقد وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ریلی میں اخلاق لنچنگ معاملہ کا اہم ملزم وشال سنگھ پہلی قطار میں بیٹھا نظر آیا، جبکہ اسی ریلی میں اخلاق قتل کیس کا ملزم پنیت بھی نظر آیا، دونوں سی ایم یوگی کی حمایت میں نعرے بازی کر رہے تھے، یہ ریلی گزشتہ روز اتوار کو منعقد ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔