لوک سبھا: کانگریس نے سمندری طوفان مچونگ اور قطر میں بحریہ کے سابق اہلکاروں کے مسائل پر التوا کا نوٹس پیش کیا

کانگریس لیڈر مانیکم ٹیگور اور منیش تیواری نے منگل کو لوک سبھا میں چنئی میں طوفان مچونگ کے اثرات اور قطر میں قید ہندوستانی بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں پر بحث کے لیے التوا کے نوٹس پیش کئے

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا</p></div>

لوک سبھا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس لیڈر مانیکم ٹیگور اور منیش تیواری نے منگل کو لوک سبھا میں چنئی میں طوفان مچونگ کے اثرات اور قطر میں قید ہندوستانی بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں پر بحث کے لیے التوا کے نوٹس پیش کئے۔

ٹیگور نے اپنے التوا کے نوٹس میں کہا، ’’میں فوری اہمیت کے ایک خاص معاملے پر بحث کے مقصد سے ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنے کی تحریک پیش کرنے کے لیے التوا کی اجازت طلب کرنے کے اپنے ارادے کا نوٹس دیتا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ چنئی میں دو دنوں میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے عوامی املاک اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

ٹیگور، جو تمل ناڈو کے ویردھو نگر سے لوک سبھا کے رکن ہیں، نے کہا، ’’ریاستی حکومت کے فوری ردعمل کو تسلیم کرتے ہوئے، جس سے جان و مال کا کوئی نقصان نہیں ہوا، یہ ضروری ہے کہ پارلیمنٹ میں صورتحال پر بحث کی جائے، خاص طور پر پانی کی وجہ سے ہوائی اڈوں کے بند ہونے پر رن وے اور سائیکلون مچونگ جیسی قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری کی ضرورت پر۔‘‘


دریں اثنا، منیش تیواری نے قطر میں قید ہندوستانی بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں کے بارے میں بحث کے لیے التوا کا نوٹس پیش کیا۔ نوٹس میں انہوں نے لکھا، ’’میں فوری اہمیت کے حامل ایک خاص معاملہ پر بحث کے مقصد سے ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنے کی تحریک پیش کرنے کی اجازت طلب کرتا ہوں تاکہ، یعنی یہ ایوان وقفہ صفر، وقفہ سوالات کو معطل کے کے، ہندوستانی بحریہ کے ریٹائرڈ اہلکاروں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کیپٹن سوربھ وشیشٹھ، کمانڈر امت ناگپال، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سوگوناکر پاکالا، کمانڈر سنجیو گپتا اور سیلر راگیش کے بارے میں بحث کرے، جو کہ قطر میں قید ہیں۔ قطر کی عدالت نے انہیں 26 اکتوبر 2023 کو سزا سنائی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ وہ اگست 2022 سے ایوان کے اندر اور باہر مسلسل اس معاملے کو اٹھا رہے ہیں لیکن حکومت نے 14 ماہ تک کوئی جواب نہیں دیا۔ سرمائی اجلاس پیر کو شروع ہوا اور 22 دسمبر کو ختم ہوگا۔ لوک سبھا میں پیر کے روز کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بھی یہ مسئلہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ حکومت قطر کی عدالت سے سزائے موت پانے والے بحریہ کے آٹھ سابق افسران کو واپس لانے کے لیے ہر وسائل کا استعمال کرے۔

سزائے موت کے خلاف اپیل پہلے ہی دائر کی جا چکی ہے اور قطر کی ایک اعلیٰ عدالت نے درخواست قبول کر لی ہے۔ یہ اپیل زیر حراست ہندوستانی شہریوں کی قانونی ٹیم نے دائر کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔