لوک سبھا امیدواروں سے سوال کریں گی مہاراشٹر کی بینک یونینیں

مہاراشٹر کی بینک یونینیں لوک سبھا امیدواروں سے بینکنگ شعبے کے اہم مسائل پر سوالات کریں گی۔ 'ووٹر بیداری' مہم اپریل میں شروع ہوگی اور مختلف میڈیا ذرائع سے عوامی شعور بیدار کیا جائے گا

<div class="paragraphs"><p>لوک سبھا انتخابات 2024 / Getty Images</p></div>

لوک سبھا انتخابات 2024 / Getty Images

user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر میں سرکردہ بینک یونینیں اپریل میں عوام کے درمیان 'ووٹر بیداری' مہم شروع کریں گی اور تمام سیاسی جماعتوں کے لوک سبھا امیدواروں سے بینکنگ سیکٹر سے متعلق اہم مسائل پر سوال کریں گی۔ خیال رہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں اپریل سے ووٹنگ شروع ہو رہی ہے۔

یہ مہم مہاراشٹر اسٹیٹ بینک ایمپلائز فیڈریشن (ایم ایس بی ای ایف) کی نگرانی میں شروع کی جائے گی۔ ایم ایس بی ای ایف کے جنرل سکریٹری دیوی داس تولجاپورکر نے آئی اے این ایس کو بتایا، ’’ہم ممبئی میں ایک اہم میٹنگ کے بعد 8 اپریل سے مہاراشٹر میں 'ووٹر بیداری' مہم شروع کریں گے۔‘‘


ایم ایس بی ای ایف کے آرگنائزنگ سیکرٹری این شنکر نے کہا، ’’اس میں آڈیو ویژول شوز کے ذریعے عوامی جلسوں کا انعقاد، متعدد زبانوں میں پمفلٹ کی تقسیم، سماجی اور روایتی میڈیا مہم اور بینرز پوسٹر وغیرہ لگانا شامل ہوگا۔‘‘ انہوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا، ’’بینکوں کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے علاوہ، یونینیں امیدواروں سے ان کی پارٹی سے قطع نظر سخت سوالات پوچھیں گی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے 15 سالوں میں بینکنگ تقریباً ہر گھر تک پہنچ چکی ہے۔ اس لیے یونینیں براہ راست یا بالواسطہ طور پر ریاست بھر کے کروڑوں شہریوں اور ووٹروں تک اپنا پیغام پہنچائیں گی۔

کوآپریٹو بینکوں کو چھوڑ کر اس وقت ہندوستان میں مختلف سرکاری اور نجی شعبے کے بینکوں کی 80 ہزار سے زیادہ شاخیں ہیں۔ ایم ایس بی ای ایف یا اس سے منسلک یونینیں 40 ہزار سے زیادہ شاخوں میں اثر و رسوخ کا دعویٰ کرتی ہیں، جن میں مہاراشٹر میں تقریباً 12 ہزار شاخیں بھی شامل ہیں۔


ایم ایس بی ای ایف نے کہا، ’’ہم عوامی خدشات کو اٹھائیں گے جس میں الیکٹورل بانڈز، بینکرز کی حکومت کے ساتھ ملی بھگت، بیروزگاری اور بینک کی نجکاری کی پالیسیوں کی وجہ سے عام آدمی کے پیسے کا عدم تحفظ، بڑے تاجروں کی طرف سے عوام کے کروڑوں روپے کی لوٹ مار وغیرہ شامل ہیں۔‘‘

ایم ایس بی ای ایف نے کہا کہ اس کے رہنما اور کارکنان تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں تک پہنچیں گے اور بینکنگ سیکٹر کو درپیش مسائل پر ان سے وضاحت طلب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔