بہار: لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتہ کی توسیع، لیکن ضابطوں میں کئی تبدیلیاں

کورونا وبا پر پوری طرح سے قابو پانے کے لیے بہار حکومت نے لاک ڈاؤن 8 جون تک بڑھا دیا ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بذریعہ ٹوئٹ خود اس کی جانکاری دی۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کورونا وبا پر پوری طرح سے قابو پانے کے لیے بہار حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید ایک ہفتہ توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ گویا کہ اب بہار میں 8 جون تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے خود اس کی جانکاری ایک ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ "کورونا انفیکشن کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کو ایک ہفتہ یعنی 8 جون 2021 تک بڑھانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ لیکن کاروبار کے لیے کچھ اضافی چھوٹ دی جا رہی ہے۔ سبھی لوگ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ بنائے رکھیں۔"

لاک ڈاؤن کے بعد سے بہار میں کورونا انفیکشن کی تعداد میں لگاتار گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے بہار میں اب 8 جون 2021 تک لاک ڈاؤن رہے گا، حالانکہ اس میں کاروبار کرنے کے لیے کچھ اضافی چھوٹ دی جائے گی۔ نئے گائڈ لائن کے مطابق اب صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔ کچھ سرکاری دفاتر میں 25 فیصد حاضری کے ساتھ کام شروع کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ دودھ، پھل، سبزی، گوشت، مچھلی کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء مثلاً زراعت سے متعلق دکانیں روزانہ کھلیں گی۔ الیکٹرانک دکانیں روزانہ نہیں کھل سکیں گی بلکہ اسے ہفتے میں تین دن کھولنے کی اجازت ملے گی۔


نتیش کمار نے سبھی سے اپیل کی ہے کہ سبھی لوگ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ بنائے رکھیں۔ ریاستی حکومت نے کرائسس مینجمنٹ گروپ کی میٹنگ اور ضلعوں سے ملے فیڈ بیک کی بنیاد پرلاک ڈاؤن کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کا اثر ملک کے الگ الگ حصوں میں کم ہو رہا ہے، ایسے میں کئی ریاستوں نے اپنے یہاں چھوٹ کا اعلان کیا ہے۔ اتر پردیش میں جن اضلاع میں 600 سے کم کیس ہیں، وہاں پر دکان کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حالانکہ نائٹ کرفیو اور ویکینڈ لاک ڈاؤن کو جاری رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */