تمل ناڈو کے نو اضلاع میں مقامی بلدیاتی ووٹنگ شروع

تمل ناڈو کے نو نئے تعمیر شدہ اضلاع میں دیہی مقامی بلدیاتی اداروں کے لیے جمعرات کی صبح پہلے مرحلے کی پولنگ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان شروع ہوگئی ہے

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

چنئی: تمل ناڈو کے نو نئے تعمیر شدہ اضلاع میں دیہی مقامی بلدیاتی اداروں کے لیے جمعرات کی صبح پہلے مرحلے کی پولنگ سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان شروع ہوگئی ہے۔

چنگل پٹو، کالاکوریچی، کانچی پورم، رانی پیٹ، ٹینکاسی، تیرونیل ویلی، تروپٹور، ویلور اور ویلو پورم اضلاع میں پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئی۔ ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ آخری ایک گھنٹہ یعنی 5 بجے سے 6 بجے تک کا وقت کوویڈ مریضوں اور وائرل متاثرین کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ پولنگ کے پہلے مرحلے میں سیکورٹی کے پیش نظر 17 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور 3400 ہوم گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔


ان حلقوں میں 7،921 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 41 لاکھ 93 ہزار 996 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ ان میں 37،77،524 مرد ، 38،81،361 خواتین اور 835 خواجہ سرا ووٹر ہیں۔ یہاں اہم مقابلہ حکمران دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے درمیان ہے۔

چونکہ ہر ووٹر کو چار عہدوں کے لیے چار ووٹ ڈالنے ہوں گے۔ اس لحاظ سے ووٹ بیلٹ پیپرز مختلف رنگوں میں دیئے جائیں گے۔ ضلع پنچایت وارڈ کونسلر اور پنچایت یونین وارڈ ممبران کے عہدوں کے امیدواروں کو پارٹی کا انتخابی نشان تقسیم کیا گیا ہے جبکہ گرام پنچایت سرپنچ اور ممبر کے عہدوں کے لیے انتخابات آزادانہ ہوں گے۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ 9 اکتوبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 12 اکتوبر کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔