این ڈی اے سے ایک اور پارٹی ہوگی الگ، ایل جے پی نے دکھائی آنکھیں

بہار میں این ڈی اے کی بنیاد ایک بار پھر ہلنے لگی ہے۔ اوپیندر کشواہا نے تو این ڈی اے سے ناطہ توڑ ہی لیا ہے اور اب رام ولاس پاسوان کی پارٹی ایل جے پی نے بھی بی جے پی کو آنکھیں دکھانی شروع کر دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

تین ہندی بیلٹ کیر یاستوں میں بی جے پی کی شکست کے بعد این ڈی اے کی بنیاد ہلتی ہوئی نظر آنے لگی ہے۔ ایک طرف مندر کے ایشو پر پارلیمنٹ میں بی جے پی حکومت کو گھیر رکھا ہے اور دوسری طرف بہار میں بی جے پی کی معاون رام ولاس پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی نے آنکھیں دکھائی ہیں۔ ایل جے پی رکن پارلیمنٹ اور رام ولاس پاسوان کے بیٹے چراغ پاسوان نے بی جے پی کو سخت الفاظ میں تنبیہ دی ہے اور کہا ہے کہ وہ این ڈی اے میں شامل چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ بے توجہی نہ برتے۔

چراغ پاسوان کا کہنا ہے کہ ٹی ڈی پی اور آر ایل ایس پی کے این ڈی اے سے جانے کے بعد اب این ڈی اے اتحاد نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں بی جے پی کو چاہیے کہ وہ اتحاد میں بچے ہوئے ساتھیوں کے مسائل کا حل نکالے اور ان کی فکر کو وقت رہتے باعزت طریقے سے دور کرے۔ چراغ نے مزید کہا کہ ’’اتحاد کی سیٹوں کو لے کر کئی بار بی جے پی کے لیڈروں سے ملاقات ہوئی لیکن ابھی تک کچھ ٹھوس بات آگے نہیں بڑھ پائی ہے۔ اس سلسلے میں وقت رہتے بات نہیں بنی تو اس سے نقصان بھی ہو سکتا ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ بہار میں بی جے پی، ایل جے پی اور اوپیندر کشواہا کی آر ایل ایس پی نے 2014 کا لوک سبھا انتخاب مل کر لڑا تھا۔ اس انتخاب میں ایل جے پی نے کل سات سیٹوں پر امیدوار اتارے تھے جن میں سے 6 پر اسے فتحیابی حاصل ہوئی تھی۔ وہیں آر ایل ایس پی تین سیٹوں پر انتخاب لڑی تھی اور اس نے سبھی سیٹیں جیتی تھیں۔ لیکن 2019 کے لوک سبھا انتخاب سے پہلے سیٹوں کی تقسیم کو لے کر ناراض اوپیندر کشواہا نے این ڈی اے کو الوداع کہہ دیا ہے۔ اب ایل جے پی بھی اگر این ڈی اے کا ساتھ چھوڑتی ہے تو بی جے پی کی مشکلیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔

اوپیندر کشواہا نے گزشتہ 10 دسمبر کو مودی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا اور این ڈی اے سے الگ ہونے کا اعلان کرتےہ وئے وزیر اعظم نریندر مودی کی پرزور تنقید کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ پی ایم نے بہار کو خصوصی پیکیج کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ نہیں ملا۔ کشواہا نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت سے بہار کو جو امید تھی وہ پوری نہیں ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ بہار میں سیٹ تقسیم پر کشواہا کافی وقت سے بی جے پی سے ناراض چل رہے تھے۔ وہ ریاست میں زیادہ سیٹوں پر دعویداری کر رہے تھے لیکن بی جے پی نے ان کے مطالبہ کو توجہ نہیں دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔