اہم خبر: انڈونیشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

14 Jul 2019, 11:10 PM

انڈونیشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

جکارتہ: انڈونیشیا کے ملوک اتارہ علاقے میں اتوار کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، ری ایکٹر پیمانے پر ان کی شدت کا اندازہ 7.3 لگایا گیا۔ امریکی جیوگرافی انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کے جھٹکے دن میں دو بج کر 40 منٹ پر محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کی وجہ سے کسی جان و مال کےنقصان کی کوئی رپورٹ نہیں ہے۔ گذشتہ ہفتے بھی اسی خطے میں 6.9 کی شدت والے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

14 Jul 2019, 10:10 PM

اننت ناگ میں دہشت گردانہ حملہ، سیکورٹی اہلکار کی موت

سری نگر: جنوبی کشمیر، ضلع اننت ناگ میں اتوارکو ایک دہشت گردانہ حملے میں نیشنل کانفرنس کے سیکورٹی اہلکار کی موت ہوگئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے رہنما سید توقیر شاہ پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ پارٹی کے کارکنان کی میٹنگ میں شریک ہوکر کوکرناگ لوٹ رہے تھے۔ اس حملے میں ان کا سیکورٹی اہلکار ریاض احمد زخمی ہو گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اسے فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ بعد ازاں حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر اضافی سیکورٹی فورسز کو بھیج دیا گیا۔

14 Jul 2019, 9:10 PM

ہماچل کے كمہارہٹٹی میں ہوٹل کی عمارت زمیں دوز، 2 افراد ہلاک، فوج کے 14 پھنسے

ہماچل کے كمہارہٹٹی میں ایک ہوٹل زمیں دوز ہو گیا، فی الحال 18 فوج کے جوانوں سمیت 23 لوگوں کو ملبے سے باہر نکالا جا چکا ہے، ریسکیو ٹیم نے دو لاشیں بھی برآمد کیں ہیں، خبروں کے مطابق ان میں سے ایک لاش فوج کے جوان کی ہے، اب بھی ملبے میں 14 لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، ابھی بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


14 Jul 2019, 8:10 PM

سری نگر میں 3 منشیات فروش گرفتار

سری نگر: منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے سری نگر پولس نے تین منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کرکے ضبط کی ہے۔

پولس ترجمان کے مطابق سری نگر پولس نے عید گاہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران تین افراد کو روک کر اُن کی جامہ تلاشی کے دوران اُن کے قبضے سے 50 گرام چرس اور ایک گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

پولس افسران نے موقع پر ہی تینوں کو حراست میں لے کر اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 106/2019 کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ منشیات فروش سماج کے دشمن ہیں لہٰذا ایسے عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کرنا ناگزیر بن گیا ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ ایسے اشخاص کے بارے میں پولس کو بر وقت مطلع کریں جو منشیات کا زہر نوجوان نسل میں پھیلا رہے ہیں۔

پولس نے ایسے افراد کو متنبہ کیا ہے جو منشیات کا غیر قانونی دھندہ کرنے میں مصروف عمل ہیں وہ باز آجائیں بصورت دیگر وہ خود کو ایسی کڑی قانونی کارروائی کے لئے تیار رکھیں جس کے بارے میں انہوں نے سوچا تک نہ ہوگا۔

14 Jul 2019, 7:10 PM

افغانستان میں 20 طالبان شدت پسند ہلاک

کابل: افغانستان کے وردک صوبہ میں سلامتی دستوں نے طالبان کے 20 شدت پسندوں کو ہلاک اور تین کو حراست میں لے لیا ہے۔

میڈیا کے مطابق اتوار کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سلامتی دستوں نے صوبہ کے جگہاٹو ضلع میں اپنی کارروائی کے دوران چھوٹے ہتھیاروں کے ایک ڈپو کو تباہ کردیا۔ واضح رہے کہ افغانستان کے سلامتی دستوں نے پچھلے کچھ عرصہ سے ملک میں شدت پسندوں کے خلاف مہم تیز کردی ہے۔


14 Jul 2019, 5:10 PM

ماں باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی اور اس کے عاشق عامر کا کیا قتل، ہوئے گرفتار

ایٹہ: اترپردیش کے ضلع ایٹہ کے ملاون علاقے میں قتل غیرت کے ملزم جوڑے کو پولس نے اتوار کو گرفتار کرلیا جبکہ قتل میں ماخوذ چل رہے لڑکی کے ماما کی پولس کو تلاش ہے۔ پولس نے بتایا کہ گرفتار جوڑے نے بدنامی کے ڈر سے پہلے علی گڑھ میں بیٹی کے عاشق کو قتل کیا جبکہ بعد میں بیٹی کو بھی گولی مار دی اور اسے مردہ سمجھ کو فرار ہوگئے تھے۔ لیکن قسمت سے لڑکی زندہ تھی اور وہ علی گڑھ میڈیکل کالج میں موت زیست کی جنگ لڑ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع ایٹہ کے ملاون تھانہ باشندہ نور جہاں اور افروز نے اپنی بیٹی نشا کے پیار میں گرفتار عامر کو چھ جولائی کو علی گڑھ میں گولی مار کر قتل کردیا تھا جبکہ بعد میں 10 جولائی کو انہوں نے نشا کو بھی گولی مار دی تھی اور مردہ سمجھ کو فرار ہوگئے تھے۔ قتل غیرت کے اس معاملے میں پولس کو نشا کے ماما اسحاق کی بھی تلاش ہے۔

عامر کے قتل کے معاملے میں نشا چشم دید گواہ تھی اسی لئے اسے بھی قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایٹہ کے بارتھر گاؤں کی رہنے والی نشا اپنے ماں۔باپ کے ساتھ علی گڑھ میں رہتی تھی۔ وہیں اس کا عامر نامی نوجوان سے معاشقہ ہوگیا۔ وہ عامر سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن لڑکی کے والدین اسے اپنی عزت کا مسئلہ بنا کر عامر سے شادی کے لئے تیار نہیں تھے۔

14 Jul 2019, 4:10 PM

اٹاوہ میں پانچویں جماعت کی طالبہ سے عصمت دری

اٹاوہ: اترپردیش کے ضلع اٹاوہ کے بسرہرا علاقے میں گھر سے باہر لگے ہیڈ پائپ سے پانی بھرنے گئی پانچویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ عصمت دری کیے جانے کا معاملہ روشنی میں آیا ہے۔ نوجوان بچی کو زبردستی اپنے گھر لے گیا اور اس کے ساتھ منھ کالا کیا۔

پولیس نے اتوار کو بتایا کہ سات جولائی کو دس سالہ پانچویں جماعت میں زیر تعلیم بچی دوپہر میں گھر سے کچھ دوری پر لگے ہینڈ پمپ سے پانی لینے گئی تھی۔ تبھی گاؤں ہی کے رہنے والا ایک نوجوان بچی کو بہلا کر اپنے گھر لے گیا اور بچی کے منھ میں کپڑا ٹھونس کر اس کے ساتھ منھ کالا کیا۔ واپس آکر بچی نے پوری آپ بیتی اپنے والدہ سے کہہ سنائی۔ ماں نے والد کو پوری بات بتائی۔

متاثرہ کے والد نے تھانہ پہنچ کر پورے معاملے کی شکایت کی۔ تھانہ پولس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے گاؤں جاکر پورے معاملے کی چھان بین کی۔ چھان بین کے دوران پولس کو پتا چلا کہ ملزم واقعہ کے دن سے ہی فرار ہے۔ پولس نے بچی کا طبی معائنہ کرا کے اسے گھر واپس بھیج دیا۔ پولس کو ملزم نوجوان کی تلاش ہے۔


14 Jul 2019, 1:10 PM

نیپال میں سیلاب سے تباہی، ہلاک شدگان کی تعداد 50 ہو گئی

نیپال میں بھاری بارش کے بعد آئے سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہو گئی ہے۔ دریں اثنا 25 لوگ شدید طور زخمی ہوئے ہیں جبکہ 33 لوگ لاپتہ ہیں جن کی تلاش کی جا رہی ہے۔

ہفتے کے روز نیپال کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ مسلسل ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں، سیلاب اور تودے گرنے کے باعث 21 اضلاع میں عام لوگوں کی زندگی بری برح متاثر ہوئی ہے۔ ٹیلی ویژن کے فوٹیج میں کاٹھمنڈو بچاؤ ٹیم سیلاب کی زد آنے والے گھروں سے لوگوں کو ربڑ کی کشتیاں کی طرف لے جاتی نظر آرہی ہیں۔

14 Jul 2019, 10:05 AM

جماعت اسلامی ہند کا اسلاموفوبیا کو ختم کرنے کا عہد

نئی دہلی: ملک میں موب لنچنگ اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے روز افزوں واقعات کے درمیان جماعت اسلامی ہند نے کہا ہے کہ وہ اسلاموفوبیا (لوگوں کو اسلام سے خوف زدہ کرنا) کو ختم کرنے کے لئے زمینی سطح پر مکاملہ شروع کرے گی اور مذہب اسلام سے متعلق غلط فہمیوں کو بھی ختم کرے گی۔

جماعت اسلامی ہند کے صدر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا، ’’ہم تمام مذاہب اور اقلیتی طبقہ کے لوگوں کے ساتھ غور و خوض کریں گے اور اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو مٹاتے ہوئے اسلاموفوبیا کو ختم کرنے کے کئے مؤثر اور مذہبی رہنماؤں سے بھی بات چیت کریں گے۔‘‘

حسینی نے کہا کہ تنظیم ان افواہوں پر روک لگانے کی سمت میں کام کرے گی جو سماج میں کشیدگی اور بدامنی پیدا کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند نے ہفتہ کے روز ایک روڈ میپ تیار کرنے کے لئے پریس کانفرنس منعقد کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔