کروناندھی مرینا ساحل پر سپرد خاک، سبھی کی آنکھیں نم

کروناندھی انّا میموریل کے بغل میں دفن
تمل ناڈو کے ہردلعزیز لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ کلینار کروناندھی کو مرینا ساحل پر انّا میموریل کے بغل میں دفن کر دیا گیا۔ ان کے سیاسی معاونین، حامیوں اور اہل خانہ نے نم آنکھوں کے ساتھ انھیں آخری وداعی دی۔ اس سے قبل فوج نے انھیں سلامی پیش کی اور کروناندھی کے جسد خاکی سے لپٹے ترنگے کو فوج نے ان کے بیٹے اور ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن کے حوالے کیا۔
کروناندھی کو فوج نے سلامی پیش کی
کروناندھی کو فوج نے آخری سلامی پیش کر دی ہے۔ اس موقع پر کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت وہاں موجود سبھی لوگوں نے کلیگنر کے نام سے مشہور ایم کروناندھی کو خراج تحسین پیش کیا۔ تمل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت، ریاستی وزیر ڈی جے کمار اور یونین منسٹر پون رادھا کرشنن نے بھی اس موقع پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
کروناندھی کو دفن کیے جانے سے قبل ان کے اہل خانہ نے بھی نم آنکھوں سے ان کو الوداع کہا اور خراج تحسین پیش کیا۔
کلگینر کو دفن کرنے کی تیاریاں شروع، راہل بھی مرینا بیچ پر موجود
کروناندھی کو مرینا بیچ پر انّا میموریل کے بغل میں دفن کیا جائے گا جس کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ آخری رسوم ادا کیے جانے کے وقت کانگریس صدر راہل گاندھی بھی موجود ہیں۔ ان کے ساتھ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد بھی ہیں۔
کروناندھی کا جسد خاکی مرینا بیچ پہنچی، دفن کی تیاریاں شروع
ہزاروں حامیوں کی بھیڑ کے ساتھ کروناندھی کا جسد خاکی مرینا بیچ پہنچ چکی ہے اور ان کو دفن کرنے کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ ان کے آخری رسومات کے وقت بیٹے ایم کے اسٹالن، ایم کے الاگری اور بیٹی سیلوی سمیت سبھی اہل خانہ موجود ہیں۔
کروناندھی کا جسد خاکی تھوڑی دیر میں پہنچے گی مرینا بیچ
کروناندھی کا جسد خاکی دھیرے دھیرے مرینا بیچ کی طرف بڑھ رہی ہے اور کچھ ہی دیر میں وہاں پہنچ جائے گی۔ مرینا بیچ پر کروناندھی کو دفن کرنے کی پوری تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ انھیں پورے ریاستی اعزاز کے ساتھ آخری وداعی دی جائے گی۔

کروناندھی آخری سفر پر روانہ، مرینا بیچ پر ہوگی تدفین
کروناندھی کا آخری سفر شروع ہو گیا ہے۔ ریاستی اعزاز کے ساتھ انہیں مرینا ساحل پر دفن کیا جائے گا۔ کروناندھی کے آخری سفر میں کئی بڑی شخصیات سمیت ہزاروں لوگ شامل ہیں۔
کرونا ندھی کا جسد خاکی مرینا بیچ کی جانب رفتہ رفتہ گامزن ہے اور لوگوں کا ہجوم بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ بے شمار لوگ سڑکوں پر اتر آئے ہیں اور اپنے محبوب رہنما کو نم آنکھوں سے الوداع کہہ رہے ہیں۔
تمل ناڈو کے سابق وزیراعلی اور ڈی ایم کے صدر ایم کروناندھی کا جسدخاکی بدھ کی صبح راجاجی ہال میں رکھا گیا ہے جہاں ان کے آخری دیدار کے لئے لوگوں کی زبردست بھیڑ جمع ہو گئی۔ انتقال کے بعد کروناندھی کا جسد خاکی پہلے گوپال پورم میں واقع ان کی رہائش گاہ لایا گیا تھا جہاں سے ان کی بیٹی اور راجیہ سبھا کی ممبر پارلیمنٹ کنی موجھی کے گھر لے جایا گیا لیکن لوگوں کے ہجوم کے پیش نظر ان کا جسد خاکی ترنگے میں لپیٹ کر راجاجی ہال میں رکھا گیا ہے جہاں لوگ ان کا آخری دیدار کئے۔ اس دوران بدنظمی کا بھی عالم رہا اور بھگدڑ مچ گئی، جس کی وجہ سے تقریباً 33 افراد زخمی ہو گئے جبکہ 2 لوگوں کے ہلاک ہونے کی بھی خبر ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 11 دنوں سے اسپتال میں داخل کروناندھی کا کل شام چھ بجکر 10 منٹ پر انتقال ہوگیا ہے۔ مرکزی حکومت نے ان کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایک دن کے قومی سوگ جبکہ ریاست نے ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کیا ہے نیز قومی پرچم آدھا جھکا رہے گا۔ اس دوران سبھی سرکاری تقریبات ملتوی کردی گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔