اہم خبریں: نابالغہ کے اغوا و عصمت دری کے ملزم کو دس سال قید بامشقت کی سزا

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

27 Feb 2021, 5:36 PM

نابالغہ کے اغوا و عصمت دری کے ملزم کو دس سال قید بامشقت کی سزا

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع کے ایڈیشنل سیشن جج پنکج کمار شری واستوا کی عدالت نے نابالغہ کے اغوا و عصمت دری کے معاملے میں ملزم کو دس سال قید بامشقت و جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ استغاثہ کے بموجب تھانہ کوتوالی لال گنج میں 8/ اگست 2019 کو متاثرہ نابالغہ کے بھائی نے پولیس کی دی گئی شکایت میں الزام عائد کیا کہ 12/ جولائی 2019 کو اس کی بہن کو پرمود کمار کوری ساکن پہاڑ پور تھانہ سانگی پور جھانسہ دے کر بھگا لے گیا اور اس کی عصمت دری کر رہا تھا۔ اس کی بہن کسی طرح اس کے چنگل سے چھوٹ کر بھاگ آئی جس کے بعد ملزم پورے کنبہ کو دھمکا رہا ہے۔ موصولہ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ملزم پرمود کے خلاف کیس درج کر فرد جرم عدالت میں پیش کردی۔عدالت نے جمعہ کو مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے ملزم پرمود کو دس سال قید بامشقت و 25 ہزار روپیہ جرمانہ کی سزا سنائی ہے اور متاثرہ کو اس کے علاج و بازآباد کاری کے لیے جرمانہ کی 25 ہزار روپیہ کی رقم دینے کا حکم دیا ہے۔

27 Feb 2021, 4:29 PM

عقیدت کی ڈوبکی لگاتے وقت گنگا میں 5 افراد ڈوبے، 3 کو بچایا گیا

کاس گنج: اترپردیش میں کاس گنج کے سکندر پور علاقے میں ماگھ پورنیما کے موقع پر گنگا اشنان کے دوران پانچ عقیدتمند ندی میں ڈوب گئے، جس میں سے تین کو بچا لیا گیا۔ معتبر ذرائع نے ہفتہ کے روز بتایا کہ بڑا گنگا اشنان کے موقع پر کدر گنج گنگا گھاٹ پر بڑی تعداد میں عقیدت مند اکٹھا ہوئے تھے کہ اس دوران اشنان کر رہے دو لوگ پھسلنے کی وجہ سے ندی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ گئے، جنہیں بچانے کوشش کی میں ایک ایک کر کے تین اور افراد ڈوبنے لگے۔

انہوں نے بتایا کہ آس پاس کے غوطہ خوروں نے تین افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا ہے جبکہ دو کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ لاپتہ گووندا اور انوج رشتے میں ماما بھانجا بتائے گئے ہیں۔ پولیس کے غوطہ خور جال ڈال کر ڈوبے نوجوانوں کی تلاش کر رہے ہیں۔

27 Feb 2021, 3:31 PM

’جسپریت بُمرہ ذاتی وجوہات کی بناء پر آخری ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے‘

ہندوستانی ٹیم کو سیریز کا آخری ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف 4 مارچ سے کھیلنا ہے۔ آخری ٹیسٹ سے قبل ہی بی سی سی آئی نے بڑی معلومات دی ہے کہ تیز گیند باز جسپریت بُمرہ ذاتی وجوہات کی بناء پر آخری ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے اور انہیں ٹیم سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔


27 Feb 2021, 2:31 PM

کورونا کا ٹیکہ لینے والی آشا ورکر کی اے پی میں موت

حیدرآباد: کورونا کا ٹیکہ لینے والی آشاورکر کی اے پی میں موت ہوگئی، تاہم ہنوز اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ ٹیکہ لینے سے اس کی موت ہوئی یا پھر کسی اور مرض کی وجہ سے اس کی موت ہوئی۔ ضلع اننت پور کے کوتہ چیرو علاقہ کی آشاورکر چندراکلا جس کی عمر 50 برس تھی، سرکاری اسپتال میں کام کرتی تھی۔ 16جنوری کو اس نے کورونا ٹیکہ کا پہلا ڈوز لیا تھا۔اس ماہ کی 13 تاریخ کو اس نے دوسرا ڈوز لیا۔ اس کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ وہ بعد ازاں سردرد اور بخار سے متاثر ہوئی۔ اس کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ اس کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ ٹیکہ لینے سے ہی اس کی موت ہوئی ہے۔ چندراکلا کا شوہر آرٹی سی کا موظف ملازم ہے۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔ اس کے رشتہ داروں نے کہا کہ چندراکلا کی تنخواہ پر ہی اس کے خاندان کا گزربسر ہو رہا تھا۔رشتہ داروں نے کہا کہ اس کے خاندان کو حکومت مالی مدد فراہم کرے۔

27 Feb 2021, 1:30 PM

رام بن میں آتشزدگی، کم سے کم پانچ دکانیں خاکستر

جموں: ضلع رام بن کے گاندھری علاقے میں آگ کی ایک شبانہ واردات میں کم سے کم پانچ دکان خاکستر ہوگئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے گاندھری علاقے میں جمعہ کی شب دیر گئے ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں متصل دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں کم سے کم پانچ دکانیں مکمل طور پر خاکستر ہوگئیں اور ان دکانوں میں کچھ گیس سیلنڈر بھی پھٹ گئے۔ دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ رام بن مسرت ضیا کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی ٹیمیں جائے موقع پر نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے روانہ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو امداد فراہم کی جائے گی۔


27 Feb 2021, 12:09 PM

بڑھتی مہنگائی کو لے کر راہل گاندھی نے مودی سرکار کو بنایا نشانہ

کانگریس کے سابق صدر و رہنما راہل گاندھی نے ملک میں بڑھتی افراط زر کے لئے مرکز میں مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا اور کہا کہ "کیا ایسی کوئی جگہ ہے جہاں روزمرہ کی ضروریات میسر ہوں اور وہاں جاکر آپ کو ایسا محسوس نہ ہو کہ حکومت آپ کو لوٹ رہی ہے؟"

27 Feb 2021, 11:02 AM

اتراکھنڈ سانحہ، تاحال 72 لاشیں اور انسانی جسموں کے 30 حصے برآمد

اتراکھنڈ میں 7 فروری کو گلیشیر ٹوٹنے سے آیے سیلاب سے تباہی کے بعد سے لگاتار چل رہے ریسکیو آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے تاحال 72 لاشیں اور انسانی جسموں کے 30 حصے برآمد کیے گیے ہیں۔ ان میں سے 40 لاشوں اور جسم کے ایک حصہ کی شناخت ممکن ہو پائی ہے۔ چمولی پولیس کے مطابق جوشی مٹھ پولیس اسٹیشن میں 205 افراد کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کی گئی ہے۔


27 Feb 2021, 10:12 AM

ہندوستان میں کورونا کیسز کے اضافہ کا سلسلہ پھر شروع، 16488 نئے معاملے

ہندوستان میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 16488 نئے کیسز رپورٹ ہویے جبکہ اسی اثنا میں 12771 افراد شفایاب ہو گیے اور 113 لقمہ اجل بن گیے۔

27 Feb 2021, 9:34 AM

وینزویلا نے شام میں امریکی فضائی حملے کی مذمت کی

وینزویلا کی وزارت خارجہ نے مشرقی شام میں امریکی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے اور اسے شدید جنگ کی واپسی قرار دیا ہے۔ وزارت نے جمعہ کی شام دیر گئے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا’’وینزویلا شام کی سرزمین پر امریکی فوج کی کارروائی کی شدید مذمت اوراتحادی ممالک کے لوگوں اور وہاں کی حکومت کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کررہا ہے۔‘‘ یہ افسوسناک ہے کہ امریکہ شدید جنگ کی طرف لوٹ رہا ہے اور سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کو ترک کر رہا ہے۔

خیال رہے جمعرات کو دیر رات امریکہ نے عراقی شام کی سرحد کے قریب ایران نواز ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی۔ دوسری جانب شام اور روس نے بھی امریکی فضائی حملے کی مذمت کی ہے۔


27 Feb 2021, 9:11 AM

کھانے میں ملاوٹ کرنے پر عمر قید کی سزا! مسودہ قانون کو ایم پی کابینہ کی منظوری

مدھیہ پردیش میں ادویات اور کھانے کی اشیا میں ملاوٹ کرنے پر اب ملاوٹ خوروں کو عمر قید کی سزا دی جایے گی۔ اس کے لیے شیوراج حکومت اتر پردیش، اوڈیشہ اور مغربی بنگال کی طرز پر تعزیرات میں ترمیم کے حوالہ سے اسمبلی میں بل پیش کر گی۔ مسودہ قانون کو کابینہ کی منظور فراہم کی جا چکی ہے۔ گزشتہ شام ہونے والی کابینہ میٹنگ کے دوران بل کو اسمبلی میں پیش کرنے کی اجازت دی گئی۔

27 Feb 2021, 9:34 AM

امریکہ سعودی عرب کے لئے پالیسی میں اہم تبدیلیاں کرے گا: بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ کالم نگار جمال خشوگی کے قتل پر امریکہ سعودی عرب کے لئے اپنی پالیسی میں نمایاں تبدیلی لائے گا۔ جو بائیڈن نے یہ بات ’یونی ویژن‘ نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ’’میں نے کل سعودی عرب کے شاہ سے بات کی تھی ، شہزادہ سے نہیں۔ میں نے انھیں واضح کردیا کہ قوانین تبدیل ہو رہے ہیں ، اور ہم آج اور پیر کے روز اہم تبدیلیوں کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔ اور حقیقت میں یہ یقینی بنائیں کہ اگر وہ ہم سے تعلقات بنانا چاہتے ہیں تو انہیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملوں سے نمٹنا ہوگا‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */