اہم خبریں: افغانستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 40 طالبان ہلاک

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

24 Jan 2021, 9:31 PM

افغانستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 40 طالبان ہلاک

کابل: افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں سیکورٹی فورسز کے ایک آپریشن میں تقریباً 40 طالبان ہلاک ہوگئے، افغانستان کی وزارت دفاع نے اتوارکو ایک بیان میں یہ اطلاع دی متعلقہ عہدیداروں کے مطابق طالبان صوبہ قندھار کے ضلع ارگندب میں سیکورٹی چوکیوں پر حملہ اور نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ وزارت کی طرف سے جاری ایک بیان میں سیکورٹی فورسز نے فضائیہ کی مدد سے طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور تقریباً 40 طالبان کو ہلاک کردیا۔

سیکورٹی فورسز نے اس کارروائی میں طالبان کے 13 مختلف طرح کے اسلحہ، پانچ ٹھکانوں اور دو دیگر ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ سیکورٹی فورسز نے 17 دھماکہ خیز مواد کو بھی ناکارہ بنا دیا۔ واضح رہے افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے مابین قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری مذاکرات کے باوجود تشدد ہو رہا ہے۔

24 Jan 2021, 8:32 PM

کہرے کی چادر نے دہلی کو اپنی آغوش میں لیا

نئی دہلی: قومی دار الحکومت کے علاقے میں اتوار کو کافی سردی رہی اور زبردست کہرے کے سبب حد نگاہ اور ڈرائیوری سے متعلق وجوہات کی وجہ سے کل 18 ریل گاڑیوں کے چلنے میں تاخیر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چار دنوں تک متوسط سے کافی گھنا کہرا چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دارالحکومت میں صبح درجہ حرارت نو ڈگری اور درجہ حرارت کے کم ہونے کے سبب عوام کو شدید ٹھنڈ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دارالحکومت میں اتوار کو ہوا کا معیار کافی خراب کٹیگری کا درج کیا گیا ہے۔ دارالحکومت کے درجہ حرارت میں مشرقی ہواؤں (پروائی) کے سبب تھوڑا اضافہ درج کیا گیا ہے۔

24 Jan 2021, 7:29 PM

غیر قانونی اسلحہ لے جاتے ہوئے دو نوجوان گرفتار

الور: راجستھان کے الور کے صدر تھانہ علاقے میں پولیس نے غیر قانونی اسلحہ لے جاتے ہوئے دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ صدر تھانہ انچارج پرشیچھو آئی پی ایس جیسٹا میتری نے آج بتایا کہ مخبر سے اطلاع ملی کہ بھوگور بائی پاس پر لال رنگ کی کار میں بھوگور جا رہے دو نوجوانوں کے پاس اسلحہ ہے۔ تب پولیس جائے واقع پر پہنچی اور ناکہ بندی کر دی۔ اسی دوران ایک گاڑی آتی ہوئی دکھائی دی۔ پولیس کو دیکھتے ہی گاڑی میں سوار دو نوجوان پولیس کو دیکھ کر وہاں سے اتر کر فرار ہونے لگے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں پکڑ لیا۔ ان کی شناخت دنیش چودھری اور لوکیش چودھری کے طور پر ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران ان کے پاس سے 315 بورکے چار دیسی طمنچے، ایک 32 بور کا دیسی پستول اور پانچ کارتوس برآمد ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں آپس میں سالے بہنوئی ہیں اور اسلحہ کی فراہمی کا کام کرتے ہیں۔ ان کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


24 Jan 2021, 6:43 PM

سہارنپور سڑک حادثے میں ایکٹیوا سوار طالبہ کی موت

سہارنپور: اترپردیش میں ضلع سہارنپور کے رام پور منہیارن علاقے میں دہلی-یمنوتری ہائی وے پر ہوئے سڑک حادثے میں ایکٹیوا سوار طالبہ کی موت ہو گئی۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ سونا ارجن پور کے باشندے انل کمار کی بیٹی سمرن (20) ایکٹیوا پر جا رہی تھی۔ اسی دوران تیز رفتار ٹینکر کی زد میں آنے سے سمرن سنگین طور پر زخمی ہو گئی۔ وہاں سے جانے والے ڈی آئی جی اپیندر اگروال نے زخمی طالبہ کو سی ایچ سی رام پور منہیارن بھیجا۔ جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سمرن رام منیہارن واقع گوچر یونیورسٹی میں بی کام (سال دوم) کی طالبہ تھی۔ حادثے کے بعد گاڑی ڈرائیور فرار ہو گیا۔ پولیس اسے ڈھونڈ رہی ہے۔

24 Jan 2021, 3:28 PM

جنتا مہنگائی سے ترست، مودی سرکار ٹیکس وصولی میں مست، راہل گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے آج معاشی ترقی کے سلسلے میں سرکار پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ گراس ڈیمیسٹک پروڈکٹ( جی ڈی پی) بڑھانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے ، لیکن گیس ، ڈیزل ، پٹرول - جی ڈی پی کی شرح نمو تیزی سے بڑھا رہی ہے ۔ جس سے عام لوگوں کے سامنے بحران پیدا ہو رہا ہے ۔

راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا ’’مودی جی نے ’ جی ڈی پی ‘ یعنی گیس - ڈیزل-پٹرول کی قیمتوں میں زبردست ترقی کر کے دکھائی ہے ۔ عوام مہنگائی سے متاثر ہیں ، مودی سرکار ٹیکس وصولی میں مصروف ہے‘‘۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اخبار کا تراشہ پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ چھ ماہ کے دوران گھریلورسوئی گیس کی قیمت میں 93.5 روپے کا اضافہ ہوا ہے ، جبکہ ڈیزل 83.64 روپے اور پٹرول کی قیمت 91.63 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔


24 Jan 2021, 12:37 PM

کسانوں کا مسئلہ بات چیت کے ذریعہ ہی حل ہوگا، شاہ نواز

اجمیر: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کے قومی ترجمان شاہ نواز حسین نے کہا ہے کہ کسانوں کا مسئلہ بات چیت کے ذریعہ ہی حل ہوگا۔ شاہ نواز کل دیر شام راجستھان میں اجمیر خواجہ صاحب کی درگاہ حاضری لگانے پہنچے۔ وہ بہار میں ایم ایل سی بننے کے بعد نئی ذمہ داری ملنے پر غریب نواز کا شکریہ ادا کرنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی جیتے گی اور آنے والے دنوں میں کیرالہ میں بھی کمل کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں نے ملک کا ترنگا بھی تھامہ اور کمل کو بھی کھلایا۔ یہ بی جےپی کےلئے بڑی بات ہے۔حسین کے ساتھ ریاست کے سابق وزیرٹرانسپورٹ یونس خان بھی آئے۔ دونوں نے ملک میں امن و امان اور خوشحالی کےلئے دعا کی۔

24 Jan 2021, 10:56 AM

اقتصادی بحران گہرا ہوتا جا رہا ہے، جو بائیڈن

واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اقتصادی مشیروں سے ملاقات کے بعد صدر جو بائیڈن نے کہا ’’ہمیں صدی کے سب سے بڑے صحت کے بحران کا سامنا ہے جس کی وجہ سے جدید تاریخ میں معاشی بحران پیدا ہوا ہے اور یہ بحران مزید گہرا ہوتا جارہا ہے‘‘۔


24 Jan 2021, 10:55 AM

مہاراشٹر میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی ٹیکہ کاری

ممبئی: مہاراشٹر میں ہفتہ کی شب تک ریاست بھر کے 290 مراکز میں کم سے کم 24،282 صحت کارکنوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے کورونا وائرس کی ویکسین لگائے گئے ہیں۔ سکریٹری ہیلتھ ڈاکٹر پردیپ ویان نے پریس میں جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریاست میں اب تک 99،242 افراد کو موذی اور جان لیوا وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے ضلع گونڈیامیں سب سے زیادہ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ گڈچرولی ، وردھا ، امراوتی ، جالنہ ، بیڈ ، ہنگولی ، ناندیڑ اور عثمان آباد اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ٹیکہ کاری کی مہم چلائی جارہی ہے۔

24 Jan 2021, 10:54 AM

بچوں کو جنسی جرائم سے بچانے کیلئے فرانس کا سخت اقدامات کا فیصلہ

پیرس: فرانس میں اہل خانہ کے ہاتھوں جنسی درندگی کا نشانہ بننے والے بچوں کے تحفظ کے لئے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سوتیلے بیٹے کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے سیاسی تجزیہ کار کے بارے میں بیٹی کی دل دہلا دینے والی کتاب منظرعام پر آنے کے بعد فرانس کے صدر امانوئیل میکرون کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ فرانسسی صدر میکرون نے کہا کہ لوگوں کو ماضی میں کئے گئے جرائم کی سزا دینا ہوگی، اور اس حوالہ سے بچوں کو پرائمری اسکولوں کی سطح پر آگاہی دی جائے گی۔


24 Jan 2021, 10:53 AM

بورس جانسن اور جوبائیڈن کے درمیان پہلی ٹیلیفونک بات چیت

لندن: برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن اور امریکی صدر جوزف بائیڈن کے درمیان پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، بورس جانسن نے جوبائیڈن کو صدر بننے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے ٹیلیفونک بات چیت میں جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس سے سے نمٹنے کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم پر اتفاق کیا۔ برطانوی وزیراعظم نے امریکی صدر کے ساتھ پہلی ٹیلیفونک گفتگو کی تصویر بھی ٹوئٹ کی ہے۔

24 Jan 2021, 9:28 AM

امریکہ میں کانگریس بلڈنگ پر حملہ اور ڈیموکریٹ رکن کو قتل کی دھمکی

وازشنگٹن: کانگریس بلڈنگ پر حملے اور ڈیموکریٹ رکن کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کو قتل کی دھمکی دینے والے دائیں بازو کے انتہاپسند پر 5 الزامات عائد کر دیئے گئے۔ ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے گیریٹ ملرنے دھمکی دی تھی کہ اگلی باروہ بندوقوں کے ساتھ کیپٹل عمارت میں داخل ہوگا۔ الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کا انتہاپسندوں سے آمنا سامنا بھی ہوا تھا، رکن کانگریس نے کہا تھا انہیں ایسا محسوس ہوا کہ موت سر پر آگئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔