ایودھیا پر فیصلہ آ چکا اب ملک کی تعمیر کا کام کریں، وزیر اعظم کا قوم کے نام خطاب

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

09 Nov 2019, 6:11 PM

ایودھیا پر فیصلہ آ چکا اب ملک کی تعمیر کا کام کریں، وزیر اعظم کا قوم کے نام خطاب

بابری مسجد-رام جنم بھومی تنازعہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب کیا۔ پی ایم مودی نے فیصلہ کے دن کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ سے ملک کی قدیمی روایت کو تقویت ملی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا ’’عدالت نے جس ایودھیا معاملہ پر فیصلہ دیا ہے، اس کی سیکڑوں سال کی تاریخ ہے۔ یہ پورے ملک کی خواہش تھی کہ عدالت میں ہر روز اس معاملے کی سماعت کی جائے اور آج اس معاملہ پر فیصلہ آ گیا۔ عشروں سے انصاف کا عمل جاری تھا اور وہ عمل اب ختم ہوا۔ پوری دنیا کا ماننا ہے کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے۔ اس فیصلے کے بعد جس طرح ہر طبقے کے لوگوں نے کھلے دل سے اسے قبول کیا ہے اس سے ہندوستان کی روایت ظاہر ہوتی ہے۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ایودھیا کیس سے متعلق سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سب کے دلائل کو سنا۔ یہ ملک کے لئے خوشی کی بات ہے کہ فیصلہ متفقہ طور پر آیا ہے۔ اگر فیملی میں کسی چھوٹے مسئلے کو بھی حل کرنا ہوتا ہے تو بھی دشواری آتی ہے یہ تو پھر ایک بڑا مسئلہ ہے۔ آج 9 نومبر ہے۔ یہ وہی تاریخ ہے جب برلن کی دیوار گری تھی۔ مخالف دو دھاروں نے متحد ہو کر ایک نئی قرارداد پاس کی اور آج ہی 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کی شروعات ہو گئی۔ اس میں ہندوستان اور پاکستان دونوں نے اپنا تعاون کیا ہے۔ یہ تاریخ ہمیں ایک ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا پیغام دے رہی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’طویل مدت سے زیر التوا رہے اس معاملہ کا کئی نسلوں پر اثر پڑا ہے لیکن اب ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ اب نئی نسل نئے سرے سے نیو انڈیا کی تعمیر میں مصروف ہوگی۔‘‘

09 Nov 2019, 5:12 PM

سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمیں منظور: سید احمد بخاری

دہلی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے ایودھیا تنازعہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اپنا پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کریں گے۔ مجھے امید ہے کہ ملک ترقی کی طرف بڑھے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’جہاں تک نظر ثانی عرضی داخل کرنے کا سوال ہے، میں اس سے متفق نہیں ہوں۔‘‘

09 Nov 2019, 4:16 PM

مولانا کلب جواد نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا کیا استقبال

شیعہ مذہبی پیشوا مولانا کلب جواد نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرتے ہیں، میں اللہ کا شکر گزار ہوں کہ مسلمانوں نے اور بڑے لوگوں نے اس فیصلے کو قبول کیا اور تنازعہ اب ختم ہو گیا ہے۔ حالانکہ اسے (مسلم پرسنل لاء بورڈ کو) نظر ثانی عرضی داخل کرنے کا حق ہے، مجھے لگتا ہے کہ معاملہ اب ختم ہونا چاہیے۔‘‘


09 Nov 2019, 3:18 PM

عدالت کے فیصلے کی ہم سبھی کو عزت کرنی چاہیے: راہل گاندھی

ایودھیا معاملہ پر فیصلہ آنے کے بعد کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’سپریم کورٹ نے ایودھیا ایشو پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کی ہمیں عزت کرنی چاہیے اور ہم سب کو آپسی خیر سگالی برقرار رکھنا ہے۔ یہ وقت ہم سبھی ہندوستانیوں کے بیچ بھائی چارہ، یقین اور محبت کو فروغ دینے کا ہے۔‘‘

09 Nov 2019, 2:32 PM

اسدالدین اویسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوس کا کیا اظہار

اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ملک ہندو راشٹر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پانچ ایکڑ زمین جو دینے کی بات کہی گئی ہے، اسے لینے سے انکار کر دیا جانا چاہیے کیونکہ پانچ ایکڑ زمین خریدنے کی قوت وہ رکھتے ہیں۔


09 Nov 2019, 1:31 PM

تاریخی فیصلہ کے بعد جلد ہوگی رام مندر کی تعمیر: بابا رام دیو

یوگ گرو بابا رام دیو نے ایودھیا اراضی تنازعہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ اب ایک عظیم الشان رام مندر کی تعمیر ہوگی۔ بابا رام دیو نے مسلمانوں کو متبادل زمین دینے کے فیصلہ کا بھی استقبال کیا ہے اور کہا ہے کہ مسلم بھائیوں کو چاہیے کہ رام مندر کی تعمیر میں تعاون کریں اور ہندو بھائی بھی مسجد کی تعمیر میں مسلمانوں کی ہر طرح سے مدد کریں۔

09 Nov 2019, 1:06 PM

ہماری 67 ایکڑ زمین لینے کے بعد 5 ایکڑ دے رہے ہیں، یہ کہاں کا انصاف ہے: کمال فاروقی

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن کمال فاروقی نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس کے بدلے ہمیں 100 ایکڑ زمین بھی دے تو کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہماری 67 ایکڑ زمین پہلے سے ہی لی ہوئی ہے تو ہم کو عطیہ میں کیا دے رہے ہیں وہ؟ ہماری 67 ایکڑ زمین لینے کے بعد 5 ایکڑ دے رہے ہیں۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟‘‘


09 Nov 2019, 12:40 PM

سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ثابت ہوگا: امت شاہ

مرکزی وزیر برائے داخلہ امت شاہ نے سپریم کورٹ کے ذریعہ ایودھیا معاملہ پر فیصلہ سنائے جانے کے بعد اپنا رد عمل ٹوئٹر کے ذریعہ ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مجھے پورا یقین ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ سنایا گیا تاریخی فیصلہ اپنے آپ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ فیصلہ ہندوستان کے اتحاد، یکجہتی اور عظیم الشان ثقافت کو مزید طاقت عطا کرے گا۔‘‘

09 Nov 2019, 12:09 PM

میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں: اقبال انصاری

ایودھیا تنازعہ پر فیصلہ آنے کے بعد مسلم پیروکار اقبال انصاری نے اپنا پہلا رد عمل میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے آخر کار اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنا دیا۔ میں عدالت کے اس فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔‘‘


09 Nov 2019, 11:30 AM

سپریم کورٹ کے فیصلہ نے ملک کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا: ہندو مہاسبھا وکیل

ہندو مہاسبھا کے وکیل ورون کمار سنہا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کا ایودھیا اراضی سے متعلق فیصلہ تاریخی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس فیصلہ کے ساتھ سپریم کورٹ نے ملک کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا ہے۔

09 Nov 2019, 10:56 AM

ہم سب کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے... ادھیر رنجن چودھری

لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا، ’’ہم امن بنائے رکھنے پر یقین رکھتے ہیں، میں امن کا پجاری ہوں، ہم سب کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے۔


09 Nov 2019, 10:33 AM

چیف جسٹس رنجن گگوئی نے کی امن کا ماحول قائم رکھنے کی اپیل

چیف جسٹس رنجن گگوئی نے امن کا ماحول قائم کرنے کی لوگوں سے اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی بھی مشتعل نہ ہو اور کسی بھی طرح کا ہنگامہ نہ کرے۔

09 Nov 2019, 10:16 AM

مندر، مسجد، گرودوارے، گرجاگھر سب انسانیت کی راہ بتانے کے لیے ہیں: راج ببر

کانگریس لیڈر راج ببر نے ایودھیا پر فیصلہ آنے سے قبل ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں عوام سے ملک کی اتحاد و سالمیت کو قائم رکھنے کی گزارش کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’مندر، مسجد، گرودوارے، گرجا گھر - سب انسانیت کی راہ بتانے کے لیے ہیں۔ عدالتیں اسی انسانیت میں ہمارے یقین اور حوصلے کو قائم رکھتی ہیں۔ آئیے سب کو محفوظ رکھنے اور ملک کے اتحاد کو قائم رکھنے کے جذبے کے ساتھ فیصلے کا استقبال کریں۔‘‘


09 Nov 2019, 9:17 AM

آج جو فیصلہ آئے گا سا سے پورا تنازعہ ختم ہو جائے گا: نرموہی اکھاڑا کے وکیل

ایودھیا اراضی تنازعہ پر فیصلہ سے پہلے نرموہی اکھاڑا کے وکیل ترون جیت ورما نے کہا کہ 491 سال بعد اس طرح کا فیصلہ آ رہا ہے جو ہندوستان کو جوڑنے کا کام کرے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آج جو بھی فیصلہ آئے گا اس سے پورا تنازعہ ختم ہو جائے گا۔

09 Nov 2019, 9:01 AM

یہ مہاتما گاندھی کا ملک ہے، امن اور عدم تشدد کے پیغام پر قائم رہنا ہماری ذمہ داری: پرینکا گاندھی

ایودھیا اراضی تنازعہ پر فیصلہ آنے سے پہلے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لوگوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ ’’جیسا کہ آپ سب کو پتہ ہے، ایودھیا معاملے پر آج سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے والا ہے۔ اس مشکل وقت میں عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو، ملک کے اتحاد، سماجی خیر سگالی اور آپسی محبت کی ہزاروں سال پرانی روایت کو بنائے رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ یہ مہاتما گاندھی کا ملک ہے۔ امن و عدم تشدد کے پیغام پر قائم رہنا ہماری ذمہ داری ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */