’طمنچے پہ ڈسکو‘ کرنے والے ’چمپئن‘ کا طمنچہ ضبط، 3 اسلحوں کے لائسنس رَد

کنور پرنب سنگھ چمپئن کا ایک نیا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں ایک لڑکی ہندی گانے پر رقص کر رہی ہے اور وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو پرنب کے دفتر کا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اپنی غلط حرکتوں کے بعد بی جے پی سے معطل رکن اسمبلی کنور پرنب سنگھ چمپئن کی مشکلیں فی الحال کم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ بندوق ہاتھ میں لے کر شراب پیتے ہوئے ناچنے کا ان کا ویڈیو اتنا وائرل ہوا کہ محکمہ پولس نے ان کے خلاف کارروائی کر دی۔ دراصل ’طمنچے پہ ڈسکو‘ کرنے والے اس لیڈر کے تین اسلحوں کا لائسنس ختم کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ہریدوار کے ضلع مجسٹریٹ نے انھیں اس سلسلے میں نوٹس بھی بھیجا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ویڈیو میں کنور پرنب تین پستول اور ایک رائفل ہاتھ میں لیے ناچتے نظر آئے تھے۔ اس دوران کئی بار انھوں نے پستول کو ہوا میں لہرایا تھا۔ درمیان میں وہ اسے منھ میں لے کر بھی ناچتے رہے اور شراب پیتے رہے۔ ان کے ساتھ کچھ اور لوگ بھی موجود تھے۔ ویڈیو ان کے کسی ساتھی نے ہی بنایا تھا لیکن بعد میں یہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کنور پرنب کا ایک نیا ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ایک لڑکی کا ڈانس دیکھ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو کنور پرنب کے دفتر کا ہے جہاں بالی ووڈ کے ایک گانے پر غالباً بار کی کوئی لڑکی رقص کر رہی ہے اور وہاں موجود کنور پرنب اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس رقص سے محظوظ ہو رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے بعد ایک بار پھر معطل بی جے پی رکن اسمبلی تنازعہ کا شکار ہو گئے ہیں۔ حالانکہ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ان کا یہ ویڈیو 2016 کا ہے، لیکن وائرل ہونے کے بعد وہ ایک بار پھر میڈیا میں موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔