گریٹر نوئیڈا میں لیکھ پال 50,000 روپے رشوت لیتے گرفتار، کار سے 4.30 لاکھ روپے نقد برآمد

انسداد بدعنوانی کی ٹیم اس سنسنی خیز معاملے میں اب یہ پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ رقم کن کن ذرائع سے جمع کی گئی تھی۔ افسران نے بتایا کہ اس گرفتاری نے تحصیل انتظامیہ میں ہلچل مچا دی ہے۔

تصویر بشکریہ آئی اسٹوک
i
user

قومی آواز بیورو

انسداد بدعنوانی کی ٹیم نے اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا کی دادری تحصیل کے ایک لیکھ پال کی رشوت ستانی کا پردہ فاش کرتے ہوئے بڑی کارروائی انجام دی ہے۔ ٹیم نے لیکھ پال کو 50 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ صرف اتنا ہی نہیں اس کی کار سے 4.30 لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد کی گئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملزم طویل عرصے سے اس طرح کی بدعنوان سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

یہ معاملہ دادری تحصیل علاقے کا ہے جہاں لیکھ پال نے زمین کے تنازعہ کے معاملے میں رپورٹ درج کرانے کے عوض ایک فریق سے 50,000 روپے کی مانگ کی تھی۔ شکایت ملنے کے بعد اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کی ٹیم نے منصوبہ بندی کے ساتھ ملزم کی نگرانی کی۔ جیسے ہی لیکھ پال نے رشوت کی رقم نقدی میں قبول کی، ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اسے رنگے ہاتھ پکڑ لیا۔

گرفتار کئے گئے لیکھ پال کی شناخت درشن کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ درشن رشوت لینے کے لیے ایک دوسرے شخص کا استعمال کرتا تھا، جسے پولیس نے اس کے ساتھ ہی گرفتار کر لیا۔ دونوں سے پوچھ گچھ کے دوران اہم معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔


بعد ازاں اینٹی کرپشن ٹیم نے ملزم کی گاڑی کی تلاشی لی اور 430,000 روپے نقد برآمد کر لیے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ رقم مشکوک معلوم ہوئی ہے۔ ٹیم اب یہ پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ رقم کن کن ذرائع سے جمع کی گئی تھی۔ افسران نے بتایا کہ اس گرفتاری نے تحصیل انتظامیہ میں ہلچل مچا دی ہے۔

ملزم اس وقت حراست میں ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور پورے نیٹ ورک کے بارے میں پتہ لگایا جا رہا ہے۔ اس دوران اینٹی کرپشن بیورو نے واضح کیا ہے کہ بدعنوانی کے معاملات میں کسی کو نہیں بخشا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔