بابا رام دیو سے یوگا سیکھ لیں، پٹرول ’06‘ روپے لیٹر نظر آئے گا: ششی تھرور

تیل قیمتوں نے ملک کے بڑے شہروں میں تاریخی بلندی کی سطح کو چھو لیا ہے، تیل شرحوں میں لگاتار نویں دن اضافہ کیا گیا ہے۔ کانگریس لیڈر ششی تھرور نے کارٹون کے ذریعے تیل قیمتوں کو لے کر رام دیو پر طنز کیا ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے یوگا گرو بابا رام دیو کے کارٹون کے ذریعے پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے حوالہ سے مرکزی حکومت پر سخت حملہ بولا۔ کارٹون میں بابا رام دیو کو پٹرول پمپ پر شیرش آسن (سر نیچے پیر اوپر) کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور سامنے رکھی ہوئی تختی پر ’90 روپے لیٹر‘ لکھا ہوا ہے۔ اس کارٹون کے نیچے ملیالم میں ایک کیپشن بھی لکھا ہے، جس کا تھرور نے ترجمہ کیا ہے اور ٹوئٹ کے ساتھ پوسٹ کیا ہے۔

کیرالہ کے ترواننت پورم سے تعلق رکھنے والے لوک سبھا کے رکن پارلیمان تھرور نے لکھا "اگر آپ نے بابا رام دیو سے یوگا سیکھ لیا تو آپ بھی پٹرول کی قیمت ’06‘ روپے فی لیٹر دیکھ سکتے ہیں۔" خیال رہے کہ تیل کمپنیوں نے آج لگاتار نویں دن تیل قیمتوں میں اضافے کیا ہے۔ جس کے بعد اب میٹرو شہروں میں پٹرول کی قیمت 89.54 (دہلی) اور 96 (ممبئی) کے درمیان ہے۔ جبکہ ڈیزل کی قیمت 79.95 (دہلی) اور 86.98 (ممبئی) کے درمیان ہے۔ مدھیہ پردیش کے بھوپال میں 14 فروری کو پریمیم پیٹرول 100 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔


تیل کی قیمتیں تقریباً ایک مہینے تک غیر تبدیل رہنے کے بعد 6 جنوری سے بڑھنی شروع ہوئیں۔ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں استحکام کے باوجود ملک میں تیل کی قیمیتں بڑھ رہی ہیں۔ کانگریس لیڈر و ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والال نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’پٹرول ڈیزل کی قیمتیں لگاتار 9ویں دن بڑھ گئیں۔ مودی حکومت مالی سال 2021 میں دو لاکھ کروڑ روپے وصول کرنا چاہتی ہے۔ گزشتہ 6 سالوں میں مودی ٹیکس کے سبب پٹرول میں 23.78 اور 28.37 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو چکا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔