دہلی میں نظام قانون پوری طرح تباہ، خواتین سے لے کر کاروباری تک خوفزدہ، کیجریوال نے مرکز کو پھر بنایا نشانہ

سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے امیت شاہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا، " اگر ہمت ہے تو گینگسٹر کو گرفتار کرکے دکھاؤ۔ ہمارے ایم ایل اے کو گرفتار کرکے کیا ہوگا؟"

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال (فائل)/ ویڈیو گریب</p></div>

اروند کیجریوال (فائل)/ ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

دہلی میں خراب نظام قانون کو لے کر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ایک بار پھر مرکز کی بی جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں خوف کا ماحول ہے، یہاں کی خواتین خوف زدہ ہیں، راجدھانی گینگسٹر کے قبضے میں ہے اور یہاں کا نظام قانون پوری طرح سے درہم برہم ہو چکا ہے۔

اروند کیجریوال نے کہا کہ پوری دہلی کے اندر کاروباریوں کے پاس تاوان کے لیے فون کال آ رہے ہیں۔ کوئی اگر نہیں سنتا ہے تو اگلے ہی دن اس کے گھر یا دکان کے باہر فائرنگ کی جاتی ہے، وہ ایک پرچی بھی چھوڑ جاتے ہیں جس میں دھمکی دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ سب معاملے مسلسل اٹھا رہا ہوں، میرے اوپر کل 'پد یاترا' کے دوران ایک مادّہ پھینکا گیا۔ کل میرے ایک ایم ایل اے کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ایم ایل اے بھی گینگسٹر سے پریشان ہیں۔ ان کے پاس بھی گینگسٹر کا فون آ رہا تھا اور انہیں دھمکی دی جا رہی تھی۔ 2023 میں اس سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کرائی تھی، اس کے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ 30 سے 40 بار ایم ایل اے کو گینگسٹر کی طرف سے دھمکی دی گئی۔


اس دوران اروند کیجریوال نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو گینگسٹر کو گرفتار کرکے دکھاؤ۔ ہمارے ایم ایل اے کو گرفتار کرکے کیا ہوگا؟ ہمارے اوپر کچھ پھینکوا کر کیا ہوگا؟ ہم بار بار آواز اٹھا رہے ہیں کہ جرائم روکو اور ہم اسے آگے بھی اٹھاتے رہیں گے۔ آج دہلی کے لوگ بہت خوف زدہ ہیں، کاروباری ہمیشہ خوف میں مبتلا رہتے ہیں کہ کب انہیں تاوان کے لیے کوئی فون نہ آ جائے۔

پریس کانفرنس میں اروند کیجریوال نے دہلی میں اتحاد کے سوال پر بھی اپنی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی انتخابات میں کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ پارٹی یہاں اکیلے انتخاب لڑے گی اور سبھی 70 اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو کھڑا کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔