اہم خبر: ہریانہ میں سابق اسمبلی اسپیکر اشوک اروڑہ سمیت 5 رہنما کانگریس میں ہوئے شامل

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

15 Sep 2019, 9:10 PM

ہریانہ میں سابق اسمبلی اسپیکر اشوک اروڑہ سمیت پانچ رہنما کانگریس میں ہوئے شامل

نئی دہلی: ہریانہ میں انڈین نیشنل لوک دل کے بڑے لیڈروں میں شمار ہونے والے اور اسمبلی کے سابق اسپیکر اشوک اروڑہ سمیت پانچ لیڈر ریاست میں اسمبلی انتخابات سے پہلے آج کانگریس میں شامل ہوگئے۔ کانگریس کے ہریانہ پردیش کے انچارج ا ورجنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے آج یہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اشوک اروڑہ تین مرتبہ ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں اور ابھی آزاد ایم ایل اے جے پرکاش، ہریانہ کے سابق کابینہ وزیر سبھاش گوئل اور سابق ایم ایل اے پردیپ چودھری نے بھی کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔ ان کے ساتھ ان کے حامیوں نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر غلام نبی آزاد کے ساتھ کانگریس کی ریاستی صدر کماری شیلجہ اور ہریانہ قانون سازی پارٹی کے لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا بھی موجود تھے۔

غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ اشوک اروڑہ چار مرتبہ ممبراسمبلی رہ چکے ہیں اور وہ کابینی وزیر کے ساتھ ساتھ اسمبلی کے بھی اسپیکر رہ چکے ہیں۔ جے پرکاش تین مرتبہ رکن پارلیمنٹ کے علاوہ چندرشیکھر حکومت میں مرکزی وزیر بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈروں کے کانگریس میں شامل ہونے سے کانگریس ہریانہ میں مضبوط ہوگی اور اسے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دینے میں مدد ملےگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر جمہوریت، سماجی برابری اور سیکولرزم پر یقین رکھتے ہیں اور انہیں یہ بھی لگتا ہے کہ ملک میں اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کو کوئی شکست دے سکتا ہے تو وہ صرف کانگریس پارٹی ہی ہے۔ اس لئے ان لیڈروں نے کانگریس کے ساتھ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کماری شیلجہ اور بھوپیندر ہڈا نے بھی ان سبھی لیڈروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے پارٹی مستحکم ہوگی۔

15 Sep 2019, 8:10 PM

این ڈی اے حکومت میں تانا شاہی کا ماحول... اپیندر کشواہا

پٹنہ: بہار میں مہاگٹھ بندھن کے حلیف راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آر ایل ایس پی) کے صدر اور سابق مرکزی وزیر اپیندر کشواہا نے آج کہاکہ مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے) حکومت کی مدت کار میں حکومت مخالف آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کے لئے اپنائے گئے ہتھکنڈوں سے ملک میں تانا شاہی کا ماحول بنا ہوا ہے۔

اپیندر کشواہا نے راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی) مہا گٹھ بندھن کے سبھی حلیف جماعتوں کی موجودگی میں یہاں کانگریس صدر دفتر صداقت آشرم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک ابھی خطرناک دور سے گزر رہا ہے۔ جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور عوام اور اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لئے ہر طرح کے ہتھکنڈہ اپنائے جا رہے ہیں جس سے ملک میں تانا شاہی کا ماحول بنا ہوا ہے۔

سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ جو لوگ بی جے پی کے موافق میں باتیں نہیں کرتے ان پر کارروائی کی جارہی ہے۔ آئندہ بارہ اکتوبر کو عظیم سماجی لیڈر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کی برسی پر دارالحکومت پٹنہ کے باپو سبھا گار میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔

15 Sep 2019, 7:10 PM

آسام کے بعد اب ہریانہ میں بھی لاگو ہوگی این آر سی، سی ایم کھٹر نے کیا اعلان

ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر نے آسام کی طرح ہریانہ میں بھی NRC لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے، بتا دیں کہ آسام میں گزشتہ دنوں جاری ہوئی NRC کی فائنل لسٹ میں 19 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو باہر کیا گیا تھا۔


15 Sep 2019, 5:43 PM

جمنا میں ڈوبنے سے 6 کی موت، 3 کی لاشیں برآمد

شاملی: اترپردیش کے ضلع شاملی کے کیرانہ علاقے میں اتوار کو جمنا میں’ہون اشیاء‘ وغیرہ کی وسرجن کے لئے کیرانہ گھاٹ گئے چار بچوں اور دو افراد کی ڈوبنے سے مو ت ہوگئی۔ پولس ترجمان نے بتایا کہ مکلپور گاؤں سے کچھ افراد اور بچے یمنا کے کیرانہ گھاٹ پر ’ہون اشیاء‘ وغیر ہ کا وسرجن کرنے گئے تھے۔ اس دوران ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں چار بچوں اور دو افراد یمنا میں ڈوب گئے۔ غوطہ خوروں کی مدد سے تین کی لاش کو برآمد کرلیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر کی تلاش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت کشیپ(18)،انج(17)،روبن(23)،بھارت ولدتیز پرکاش(16) اور وید پرکاش کے دو بیٹے تیزا اور وشال کی حیثیت سے ہوئی ہے۔غوطہ خوروں کی مدد سے بھارت،انج اور وشال کی لاش کو نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔