بڑی خبر: وراٹ کوہلی ’راجیو گاندھی‘ کھیل رتن ایوارڈ سے سرفراز

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Sep 2018, 5:46 PM
وراٹ کوہلی کو ’راجیو گاندھی کھیل رتن‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دنیا کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی کو آج ’راجیو گاندھی کھیل رتن‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انھیں یہ ایوارڈ صدر جمہوریۂ ہند رام ناتھ کووند نے آج راشٹرپتی بھون میں پیش کیا۔ قابل ذکر ہے کہ اس وقت ہندوستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ ٹورنامنٹ کھیل رہی ہے اور وراٹ کوہلی کو اس سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔

25 Sep 2018, 3:36 PM
تین طلاق آرڈیننس کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل

مودی حکومت کی جانب سے طلاق ثلاث کے حوالہ سے لائے گئے آرڈیننس کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کیرالہ کی ملی تنظیم ’سمست کیرالہ جمعیۃ علما‘ کے نام سے مسلم عالم دین کی جانب سے عرضی داخل کی گئی ہے۔

طلاق ثلاثہ کے خلاف عرضی داخل کرتے ہوئے تنظیم نے کہا، ’’طلاق ثلاثہ پر مبنی آرڈیننس کو منسوخ کیا جانا چاہئے کیوں کہ اس سے آئین کی شق 14، 15 اور 21 کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ نیز، یہ آرڈیننس آئین کی شق 123 کا غلط استعمال کر کے لایا گیا ہے۔

طلاق ثلاثہ آرڈیننس کے خلاف سپریم کورٹ کے علاوہ بامبے ہائی کورٹ میں بھی ایک عرضی داخل کی گئی ہے۔ بامبے میں داخل عرضی میں ہائی کورٹ سے اپیل کی گئی ہے کہ طلاق ثلاثہ آرڈیننس کو غیرقانونی، غیر منتقی اور کالعدم قرار دیا جائے۔

25 Sep 2018, 2:02 PM
گھر کی سینلگ توڑنے والے منوج تیواری کو سپریم کورٹ کی پھٹکار

دہلی کے گوکل پوری علاقہ میں ایک گھر کی سیلنگ توڑنے پر سپریم کورٹ نے بی جے پی کے دہلی صدر منوج تیواری کو سخت پھٹکار لگائی ہے۔

سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم آپ کو سیلنگ افسر بنا دیں گے۔ عدالت نے منوج تیواری سے ایک ہفتہ کے اندر ایک حلف نامہ دائر کرنے کے لئے کہا ہے۔ کورٹ نے کہا کہ پہلے منوج تیواری حاضر ہوں اور بتائیں کہ سیلنگ توڑنے پر ان کا کیا موقف ہے۔ معاملہ کی اگلی سماعت 3 اکتوبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری نے 16 ستمبر کو غیر قانونی کالونی گوکل پوری کے ایک گھر کی سیلنگ توڑ دی تھی۔ انہوں نے سیلنگ کے لئے اروند کیجریوال پر سازش کا الزام عائد کیا تھا۔


25 Sep 2018, 12:31 PM

ابھی تو آغاز ہے، آگے کئی اور انکشافات ہوں گے، راہل

کانگریس صدر راہل گاندھی کے امیٹھی دورے کا آج دوسرا دن ہے۔ اپنے دورے کے پہلے دن یعنی پیر کے روز انہوں نے رافیل سودے کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کو انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو آغاز ہے آنے والے 2-3 مہینوں میں کئی اور بڑے انکشافات ہونے والے ہیں۔

کانگریس صدر نے مزید کہا، ’’نریندر مودی کے جو کام ہیں، رافیل، للت مودی، وجے مالیا، نوٹ بندی، ’گبر سنگھ ٹیکس‘ (جی ایس ٹی) ان سب میں چوری کی ہے۔ ایک ایک کر کے ہم دکھا دیں گے کہ نریندر مودی چوکیدار نہیں بلکہ وہ چور ہیں۔‘‘

25 Sep 2018, 11:20 AM
چارج شیٹ کی بنیاد پر چناؤ لڑنے سے روک نہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ

داغی رہنماؤں کے انتخاب لڑنے پر سپریم کورٹ نے آج بڑا فیصلہ سنا دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ صرف چارج شیٹ کی بنیاد پر کسی عوامی نمائندہ پر کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا سپریم کہ پارلیمنٹ کو یہ یقینی کرنا ہوگا کہ کوئی مجرم سیاست میں نہ آئے، پارلیمنٹ کو چاہئے کہ اس معاملہ پر قانون سازی کی جائے۔

اس کے علاوہ تمام پارٹیوں کو اپنے امیدواروں کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر ڈالنی ہوں گی۔ وہیں تمام امیدواروں کو چناؤ لڑنے سے پہلے تین مرتبہ پرنٹ اور ایک مرتبہ الیکٹرانک میڈیا میں اپنے ریکارڈ کی تفصیلی معلومات دینی ہوں گی۔

داغی امیدواروں کے علاوہ سپریم کورٹ نے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کی لا پریکٹس پر روک لگانے کی درخواست پر بھی سماعت کی۔ فیصلہ میں عدالت عظمی نے کہا کہ بار کاؤنسل کے اسولوں میں اس طرح کی روک لگانے کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔

فیصلہ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اشونی اپادھیائے نے کہا، ’’ہم نے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی کہ ان داغی امیدواروں کو چناؤ نہ لڑنے دیا جائے جن کے خلاف سنگین جرائم میں چارج شیٹ پیش ہو چکی ہو۔ سپریم کورٹ نے ہمارے مطالبات کو منظور کر کے پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ قانون سازی کر کے ایسے امیدواروں کو سیاست میں آنے سے روکا جائے۔‘‘

چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی پانچ رکنی آئینی بنچ نے بی جے پی کے رہنما اشونی کمار اپادھیائے، سابق چیف الیکشن کمشنر جے ایم لنگدوه اور ایک غیر سرکاری تنظیم کی عرضی پر اپنا فیصلہ سنایا۔ ڈویژن بنچ میں جسٹس روہنگٹن ایف نریمن، جسٹس اے ایم كھانولكر، جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس اند ملہوترا بھی شامل ہیں۔


25 Sep 2018, 11:45 AM

سپریم کورٹ کے فیصلہ کی اہم باتیں:

- چارج شیٹ کی بنیاد پر داغی رہنماؤں پر کرروائی نہیں کی جا سکتی۔

- داغی عوامی نمائندگان کے حوالہ سے پارلیمنٹ قانون سازی کرے۔

- چناؤ لڑنے سے روکنے کے لئے محض چارج شیٹ کافی نہیں۔

- لوگوں کو عوامی نمائندگان کے مجرمانہ ریکارڈ کو جاننے کا پورا حق ہے۔

- سیاسی پارٹیاں ویب سائٹ پر رہنماؤں کے مجرمانہ ریکارڈ کا بیورہ ڈالا۔

- سیاست کا کریمینلائزیشن ایک سنگین مسئلہ ہے اور تشویش کا باعث ہے۔

- امیدوار اور پارٹیاں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد مقامی میڈیا میں زیر التوا معاملات کی پوری تشہیر کریں۔

- عدالت نے کہا کہ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ مجرمان سیاست میں داخل نہ ہوں۔

- سپریم کورٹ نے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کی لا پریکٹس پر روک لگانے کی درخواست پر فیصلہ میں عدالت عظمی نے کہا کہ بار کاؤنسل کے اصولوں میں اس طرح کی روک لگانے کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔

- جسٹس اے ایم کھانولکر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندگان مستقل ملازمت نہیں۔

25 Sep 2018, 8:39 AM
شمالی ہندوستان میں بارش کا قہر

بارش سے شمالی ہندوستان بری طرح متاثر ہے اور متعدد اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ جبکہ کئی ریاستوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ لگاتار بارش سے شمالی ہندوستان کے بالائی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ ہورہی ہے، جس کے سبب جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور پنجاب میں اب تک 22 افراد کی جان جا چکی ہے۔

شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ قومی راجدھانی دہلی اور ملحقہ علاقوں میں ہو رہی بارش کی وجہ سے جمنا ندی کے آبی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ آج رات ہتھنی کنڈ بیراج سے 2 لاکھ 18 ہزار کیوسیک پانی چھوڑا گیا ہے۔

ادھر ہماچل پردیش کے لاہَول اسپیتی میں ٹریکنگ پر گئے آئی آئی ٹی روڑکی کے 35 طلبا سمیت 45 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ لاہول اسپیتی میں 8 لوگوں کی ایک ٹیم بھی لاتپہ ہے جس میں دو بیرونی افراد بھی شامل ہیں۔ ریاست کے اونا، ہمیر پور اور کلو میں زبردست بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔